فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی میں جاری خواتین کی دوسری لائلپور نیشنل چک بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز 6میچز کھیلے گئے

منگل 3 فروری 2015 22:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3فروری۔2015ء) ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اورپاکستان چک بال فیڈریشن کے اشتراک سے زرعی یونیورسٹی میں جاری خواتین کی دوسری لائلپور نیشنل چک بال چیمپئن شپ کے دوسرے روز 6میچز کھیلے گئے۔پہلے میچ میں فیصل آباد وائٹ نے بہاولپور کو 20کے مقابلے میں 30پوائنٹ سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں حیدرآباد نے بنوں کو22-20،تیسرے میچ میں ڈیرہ غازی خاں نے لاہور کو 19-23،چوتھے میچ میں فیصل آباد کلر نے فیصل آباد وائٹ کو 25-27،پانچویں میچ میں حیدر آباد کی ٹیم نے ڈیرہ غازی خاں کو کانٹے دارمقابلے کے بعد 20-21اورچھٹے اور آخری میچ میں لاہور نے میر پور خاص کو 24-28سے ہرایا۔

اس موقع پر ڈی اوسپورٹس طارق نذیر،صدر پاکستان چک بال باسط شکیل،صدر لیڈیز ونگ مسز ناصرہ کفیل،جنرل سیکرٹری عمانوئیل اسد، کے علاوہ شائقین خواتین کی کثیرتعدادموجود تھی۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان چک بال باسط شکیل نے عمدہ کھیل پر چک بال کی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھیلیں انسان میں نظم وضبط پیداکرتی ہیں جو کہ زندگی کی دیگر مصروفیات کے ساتھ ساتھ نہایت اہم ہیں۔

انہوں نے دوسری لائلپور چک بال چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلے میں منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈی سی اونورالامین مینگل کے کھیلوں کی ترویج وترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔صدر لیڈیز ونگ مسز ناصرہ کفیل نے کہا کہ خواتین دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بھرپور صلاحیت کی حامل ہیں اور چک بال چیمپئن شپ میں انکی بہترین کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے۔

انہوں نے بہترین کھیل پیش کرنے والے خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ڈاکٹر خلیل الرحمن نے کہا کہ فیصل آباد میں قومی سطح کی اس چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئنداقدام ہے اور اس چیمپئن شپ سے خواتین کو چک بال میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع میسر آرہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹ باقاعدگی سے منعقد ہونے چاہیں۔چوہدری وسیم اختر،عمانوئیل اسد،محمد عثمان ودیگر نے چیمپن شپ کے انعقاد کے سلسلے میں وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹراقرار احمد خاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ملک بھر میں تعلیم وتحقیق کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی ترویج وترقی میں بھی اہم مقام کی حامل ہے اور باقاعدگی سے مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد یونیورسٹی کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

متعلقہ عنوان :