پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو کے قافلے کو پی ایس ایف کے کارکنوں نے پنجاب کی تنظیم توڑنے پر روک لیا

جمعہ 27 فروری 2015 17:31

اوکاڑہ(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔27 فروری 2015) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو کے قافلے کو پی ایس ایف کے کارکنوں نے پنجاب کی تنظیم توڑنے پر جمعہ کو جی ٹی روڈ پر اوکاڑہ بائی پاس کے باہر اس وقت روک لیاجب وہ لاہور سے ساہیوال جا رہے تھے۔ پی ایس ایف کے کارکنوں نے گاڑیوں کے قافلے پر گندے انڈے مارے اور پتھراؤ کیا۔ کارکنوں کے پتھراؤ سے منظور وٹو کے صاحبزادے رکن پنجاب اسمبلی خرم جہانگیر وٹو کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

احتجاج کرنے والے کارکنوں کا موقف تھا کہ منظور وٹونے پی ایس ایف پنجاب کی تنظیم توڑ دی ہے جبکہ مرکز میں پی ایس ایف کی تنظیم بدستور قائم ہے۔ پی ایس ایف کے کارکنوں کے احتجاج بارے منظور وٹو سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے احتجاج کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنوں کا احتجاج کرنا پارٹی کا خاصہ ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس میں کارکنان قیادت کے خلاف کھڑے ہو کر جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ منظور وٹو نے کہاکہ وہ اس بارے میں شریک چیئرمین سے بات کر کے ان سے پی ایس ایف کی مرکزی تنظیم کو بھی توڑنے کی درخواست کریں گے تاکہ مرکز سے لے کر یونٹ تک پی ایس ایف کے عہدیدار صرف زیر تعلیم طلباء ہی منتخب ہو سکیں۔

متعلقہ عنوان :