اسلامی یونیورسٹی: کارپس لسانیات کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی ورکشاپ،

پیر 2 مارچ 2015 17:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02مارچ۔2015ء )بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے زیراہتمام ”جنوبی ایشیا میں کارپس لسانیات “کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی ورکشاپ شرورع ہو گئی ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد جنوبی ایشیا میں کارپس لسانیات کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اور اس شعبے میں کام کرنے والے محققین کو نئی جہت فراہم کرنا ہے۔

ورکشاپ کا انعقاد برٹش کونسل ریسرچ لنک گرانٹ کی معاونت سے کیا گیااور شعبہ انگریزی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ایاز افسر اور ڈاکٹر پال تھامسن برمنگھم یونیورسٹی آف انگلینڈ کی مشترکہ تحقیقی کوششوں سے انعقاد پزیر ہوئی۔ ورکشاپ کے انعقاد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ، برمنگم یونیورسٹی ، برٹش کونسل اور اسلامی یونیورسٹی کی خصوصی معانت شامل ہے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں یونیورسٹی آف برمنگھم انگلینڈ سے ڈاکٹر پال تھامسن ، ڈاکٹر آکیرہ مرامکمل کارپس ٹرینز، ڈومینک اور یونیورسٹی آف لیڈ انگلینڈ سے سرج شروف فیکلٹی آف لنگویج اینڈ لٹریچر کے ڈین ڈاکٹر منور اقبال گوندل سمیت اساتذہ اور دوسری یونیورسٹیز سے شرکاء نے شرکت کی۔ اپنے خیر مقدمی کلمات میں ڈاکٹر ایاز افسر نے ورکشاپ کے تھیم بارے تفصیلی گریفنگ دی ۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں محققین اور پیشہ ور لوگوں کی ضرورت بڑھ رہی ہے جبکہ پاکستان اور جنوبی ایشیاء میں اس شعبے کی حالت انتہائی محدوش ہے۔ ڈاکٹر منوراقبال نے اپنے کلمات میں تمام حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر ایاز افسر کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ورکشاپ کے پہلے روز سکالرز نے اپنے اپنے تحقیقی مکالمے پیش کیے ۔

ورکشاپ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کارپس طرز تحقیق ، زبان ، سماجیات ، معاشیات سمیت دیگر علوم کو سمجھنے اور اس پر تحقیق کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے اور بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ شرکاء نے مزید کہا کہ اردو کی طرح پاکستان اور جنوبی ایشیا میں انگریزی زبان کا کوئی مناسب ”کارپورہ“ موجود نہیں ہے۔ ورکشاپ میں کارپس لسانیات کے استعمال ، طریقہ کار اور اس کے مختلف شعبوں میں اطلاق کے حوالے سے سیر حاصل بحث کی گئی۔

واضح رہے کہ ورکشاپ کے انعقاد اور اس شعبے پر کام کے لیے ریسرچ گرانٹ کے حصول کے لیے دنیا بھر کی جامعات نے حصہ لیا جبکہ ڈاکٹر ایاز افسر اور ڈاکٹر پال کے مشترکہ تحقیقی مکالے نے یہ گرانٹ نمایاں حصے سے اپنے نام کی۔ ورکشاپ دور روز مذید جاری رہے گی جبکہ اس کا دوسرا راوٴنڈ انگلینڈ یونیورسٹی آف برمنگھم میں منعقد ہو گا۔