سینٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے خیبرپختونخوا سے2‘ متحدہ قومی موومنٹ کے 3امیدوار اسلام آباد کی نشستوں سے دستبردار

بدھ 4 مارچ 2015 15:57

اسلام آباد/ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے پیپلز پارٹی کے خیبرپختونخوا سے 2 امیدوار ‘ متحدہ قومی موومنٹ کے 3امیدوار اسلام آباد کی نشستوں سے دستبردار ہو گئے، پیپلز پارٹی کی شازیہ طہماس خواتین اور انجینئر ہمایوں ٹیکنو کریٹ کی نشست کے امیدوارتھے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو پیپلز پارٹی کے دو امیدوار نازیہ طہماس اور انجینئر ہمایوں سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہو گئے، دونوں امیدواروں نے ریٹائرمنٹ کیلئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں۔

دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے 3امیدوار اسلام آباد کی نشستوں سے سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہو گئے، اسلام آباد کی2نشستوں پر 5امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو متحدہ قومی موومنٹ کے ذوالفقار ایڈووکیٹ، شمائلہ شہاب اور بسمہ آصف اسلام آباد کی نشستوں سے سینیٹ انتخابات کیلئے دستبردار ہو گئے، الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی دو نشستوں پر پانچ امیدوار مد مقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسلام آباد کی دو نشستوں پر 9امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، مسلم لیگ(ن) کی راحیلہ مگسی کے کاغذات پر اعتراض کے بعد 8امیدوار رہ گئے تھے، بدھ کو متحدہ قومی موومنٹ کے جنرل نشستوں پر کھڑے تینوں امیدوار دستبردار ہو گئے۔