ہمارے بے روزگار کارکنان کو مختلف اداروں اور محکمہ جات میں میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا جائے،جماعت کو نمبرداروں سے نجات دلائی جائے،مسلم یوتھ ونگ کے کارکنان اور عہدیداران کا اپنے قائد محمد نوازشریف اور شہباز شریف سے مطالبہ

بدھ 4 مارچ 2015 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔4مارچ۔2015ء ) مسلم یوتھ ونگ کے کارکنان اور عہدیداران نے اپنے قائد محمد نوازشریف اور شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بے روزگار کارکنان کو مختلف اداروں اور محکمہ جات میں میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا جائے اور جماعت کو نمبرداروں سے نجات دلائی جائے۔ بدھ کو مسلم یوتھ ونگ کے کارکنان اور عہدیداران نے مشترکہ طور پر ایک پر امن ریلی کا انعقاد کیا۔

یہ ریلی فیض آباد سے شروع ہوئی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے مقام پر پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے قائدین راجہ تیمور عباسی، راجہ فیضان اور دیگر عہدیداران نے مشترکہ طور پر یوتھ ونگ مسلم لیگ ن اور ایم ایس ایف این کے بے روزگار کارکنان کے حق میں مشترکہ طور پر اپنے قائد محمد نوازشریف اور محمد شہباز شریف سے اپیل کی کہ ہمارے بے روزگار کارکنان کو مختلف اداروں میں میرٹ پر تعینات کیا جائے اور جماعت کے نمبرداروں اور مفاد پرست ٹولے سے نجات دلائی جائے۔

(جاری ہے)

قائدین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قیادت سے اپیل کی کہ اگر ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل طے کرتے ہوئے 20 مارچ کو نیشنل پریس کلب کے باہر بے روزگار کارکنان خودسوزیاں کرنے پر مجبور ہوں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری اعلیٰ قیادت پر ہوگی۔۔