سٹی سکول راولپنڈی میں سالانہ اوپن ڈے میں بچوں نے بے مثال تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا

بدھ 1 اپریل 2015 12:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) سٹی سکول راولپنڈی میں سالانہ اوپن ڈے میں بچوں نے بے مثال تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ،مشہور ٹی وی ڈرامہ آرٹسٹ ارشد منہاس اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ،تقریب میں بچوں کے والدین نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر میڈیا محتسب اسلام آباد عامر ریاض خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر خواجہ عمران الحق ،پروگرام ایگزیگٹو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس اسلام آباد عبیداللہ بھی اس موقع پر موجودتھے ۔

مہمان خصوصی پرنسپل نازیہ نعمان کے ہمراہ مختلف سٹالز پر گئے اور وہاں بچوں کو مختلف سرگرمیوں میں مشغول دیکھا ۔ انہوں نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ بچوں نے جس مہارت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے اس کو دیکھ کر دل خوش ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچے ہی کسی قوم کا مستقبل ہیں اور اگر ان کی تعلیم و تربیت صیحیح خطوط پر کی جائے تو یہ معاشرے کا کارآمد شہری بن کر ملک و قوم کا نام روشن کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سٹی سکول نے بچوں کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں نکھار پیدا کیا ہے جو اس کے اساتذ ہ کرام کی مہارت،لگن اور پروفیشنل سوچ کا آئینہ دار ہے ۔ڈائریکٹر میڈیا عامر ریاض خان نے مس نازیہ نعمان کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ جب سے انہوں نے بطور پرنسپل عہدہ سنبھالا ہے وہ ہر دن کسی نہ کسی نئی منزل کی جانب گامزن رہتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سکول کی پرفارمنس دن بدن بہتر سے بہتر ہوتی جار ہی ہے جو ان کی اور دیگر اساتذہ کی پروفیشنل صلاحتیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر خواجہ عمران الحق نے کہا کہ آج بچوں کی پر فارمنس دیکھ کر ہمیں اپنا بچپن یاد آ گیا ہے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ایونٹس بچوں کی صلاحتیں نکھارنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں ۔انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر سکول انتظامیہ کو مبارک باد دی ۔

مس نازیہ نعمان نے بتایا کہ اوپن ڈے فیسٹیول کا مقصد ایک طرف تو بچوں کی ذہنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا ہے جبکہ دوسری جانب ان کے والدین کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ ننھے فرشتوں کے دماغوں سے پیدا ہونے والے اس تخلیقی عمل کو دیکھ سکیں جو ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سٹی سکول اپنے اس پروفیشنل ازم کو نہ صرف برقرار رکھے گا بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری اور نکھار پیدا کرتا رہے گا ۔

اس سے پہلے جب مہمان خصوصی دیگر معززین کے ہمراہ سٹی سکول پہنچے تو ڈائریکٹر پروٹوکول نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔تقریب کے آخرمیں والدین اور بچے مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور فوٹو سیشن بھی ہوا ۔مس نازیہ نعمان نے مہمان خصوصی کو شیلڈ بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :