سورج نے تیور دکھانا شروع کر دئیے ،پہلے سے جاری شیڈول کے برعکس بد ترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع

تعطیل کے باوجود شہری اور دیہی علاقوں میں بد ترین لو ڈشیڈنگ جاری رہی ،پانی کی قلت نے مشکلات مزید بڑھا دیں بجلی کی طلب 13ہزار800 تک پہنچ گئی،پیداوار9ہزار700میگا واٹ کی سطح بر قرار ،فرق سے شارٹ فال 4100میگا واٹ ہو گیا

اتوار 12 اپریل 2015 17:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک میں درجہ حرارت کے بڑھنے کے ساتھ عوام کی کڑی آزمائش بھی شروع ہو گئی ، وزارت پانی وبجلی نے پہلے سے جاری شیڈول کے برعکس بد ترین غیر اعلانیہ لو دشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جس سے عوام بلبلا اٹھے ، پانی کی قلت نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی تعطیل کے باعث سرکاری ونجی دفاتر اور صنعتی سیکٹر کے بند ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی کمی نہ ہو سکی ۔

وزارت پانی وبجلی کے لوڈ شیڈنگ کے پہلے سے جاری شیڈول کے برعکس بد ترین غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ نے عوام کے لئے گھروں میں چھٹی گزارنا محال کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بھی پنجاب کے مختلف شہری علاقوں میں مجموعی طو رپر 11سے 13اور دیہی علاقوں میں 14سے 16گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ دور دراز اور انتہائی پسماندہ اضلاع میں یہ دورانیہ اس سے بھی زیادہ ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی طلب13ہزار800میگا واٹ جبکہ پیداوار9ہزار700 میگا واٹ رہنے سے شارٹ فال 4100میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گیا ۔لاہور کو فراہم کئے جانے والے 1700میگا واٹ کے کوٹے میں مزید 200میگا واٹ کے کوٹے کی کمی کر دی گئی ۔دوسری طرف شہری علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی کا بحران بھی پیدا ہو گیا ہے جسکے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں کو پینے کے پانی کی دستیابی میں مشکلات درپیش رہیں ۔

متعلقہ عنوان :