سجاول ٹاؤن کمیٹی میں تحقیقاتی ادارے کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ تحویل میں لے لیاگیا

منگل 21 اپریل 2015 22:51

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء)سجاول ٹاؤن کمیٹی میں تحقیقاتی ادارے کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ تحویل میں لے لیاگیاہے ، اس ضمن میں ذرائع کا کہناہے کہ ٹاؤن کمیٹی سجاول میں کافی عرصے سے مالی بدعنوانیوں کی شکایات کے بعد تحقیقات کا سلسلہ شروع کردیاگیاہے ، بلدیاتی ادارے کا ریکارڈ اور کمپیوٹر بھی تحویل میں لیاگیا،جبکہ ایڈمنسٹریٹر اور ٹی ایم او سے بھی پوچھ گاچھ کی گئی ،ذرائع کا کہناہے کہ شہرمیں پانچ سالوں سے صفائی اور ترقیاتی کام بند ہونے کے باوجود ماہوار کروڑ روپے کی بجٹ غائب ہورہی تھی ، جبکہ جعلی ووچر بنائے جانے کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں ،علاوہ ازیں ٹاؤن کمیٹی میں جعلی ملازمین بھرتی کرکے انکے نام لاکھوں روپے جاری کرنے کی شکایت کی بھی تحقیقات کی گئی، سجاول میں کئی سالوں سے صفائی نہ ہونے سے شہرمیں گندگی کے ڈھیر جمع ہیں اور گٹرابلنے سے راستے بندہیں تاہم متعدد بار تحقیقات اور چھاپوں کے باوجود ٹاؤن کمیٹی میں کارکردگی کے حوالے سے کوئی بہتری سامنے نہیں آئی ہے، جعلی ملازمین اور جعلی ووچرس کے ذریعے بدستور فنڈز غائب ہورہے ہیں، مقامی شہریوں نے مطالبہ کیاہے متعدد اداروں کی جانب سے آپس میں حصہ بانٹنے کی جنگ کے بجائے شہرکی صفائی اور ترقیاتی کاموں پر توجہ کی ضرورت ہے۔