ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا خاتمہ اور شہر کراچی سے خوف کے بت توڑنا مقصود تھا،میاں جمشید

بینرز ، پوسٹرز پھاڑنا اور جھنڈے جلانا ایم کیو ایم کا طرہ امتیاز ہے حکومت نوٹس لے،،صوبائی وزیرایکسائزاینڈٹیکسیشن

ہفتہ 25 اپریل 2015 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و ضلعی صدر پی ٹی آئی نوشہرہ میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی در حقیقت اپنے مقصد میں کامیاب ہوئی کیونکہ ہماری جدوجہد صاف و شفاف انتخابات ، دھاندلی کے خاتمے ، ٹھپہ مافیا کی حوصلہ شکنی اور شہر کراچی سے خوف کے بت توڑنا تھا۔انہوں نے کہا کہ حلقہ 246میں پی ٹی آئی کے خلاف ایم کیو ایم ، پی پی پی اور نواز لیگ مقابلے کیلئے متحد ہو ئے تھے جبکہ ہار اور جیت جمہوریت کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینرز ، پوسٹرز پھاڑنا یا جھنڈے جلانا اور غنڈہ گردی ، دہشت گردی بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ ایم کیو ایم کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی و مرکزی ارباب اختیار طبقہ ، خاموش تماشائی نہ بنے بلکہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی کے کارکنان زبر دست خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے ایسے کٹھن حالات کے باوجود غنڈہ گردوں کے خلاف الیکشن مہم چلائی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اﷲ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی کیونکہ ضمنی الیکشن تو اہل کراچی کی سیاسی بیداری اور پی ٹی آئی کے منشور کے تعارف کیلئے لڑا گیا۔

متعلقہ عنوان :