گندم خریداری مرکز رائے ونڈ حلقہ میں باردانہ کی فراہمی کاآغاز کردیا گیا

بدھ 29 اپریل 2015 21:11

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29اپریل۔2015ء ) گندم خریداری مرکز رائے ونڈ حلقہ میں باردانہ کی فراہمی کاآغاز کردیا گیا ۔پہلے روز 14ہزار تھیلے تقسیم کئے گئے ۔نائب تحصیلدار،کوآرڈی نیٹر اعظم شائیگان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق باردانہ جاری کرنے کے عمل کو انتہائی شفاف بنایا گیا ہے ۔مڈل مین کا کردار ختم کرنے سے زمینداروں کا استحصال ممکن نہیں رہا ۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں رائے ونڈ پٹوار کے 62حلقوں سے ایک لاکھ 5ہزار بوری گندم خریدنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جس کو پورا کرنے کیلئے تمام تر مساعی بروئے کار لائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی رائے ونڈ کی طرف سے زمینداروں اورکاشتکاروں کی سہولت کیلئے ٹھنڈا پانی جبکہ اقبال ٹاؤن کی طرف سے زمینداروں اور محکمہ مال کے عملہ کے بیٹھنے کیلئے کرسیوں اورٹینٹ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال کا عملہ ہمہ وقت کیمپ میں موجود ہے جبکہ محکمہ خوراک کے فوڈ انسپکٹر فیاض الحسن اور اسسٹنٹ فوڈ انسپکٹر شیخ محمود پوری جانج پڑتال کے بعد باردانہ جاری کررہے ہیں ۔ اور انہیں ابھی تک کوئی شکائت موصول نہیں ہوئی ۔ نائب تحصیلدار اعظم شائیگان نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینداروں کو فرد کے اجراء کا سلسلہ شفاف طریقے سے جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :