پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے 75پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کا کام مکمل کر لیا ہے‘ترجمان پیف

پیر 4 مئی 2015 20:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 مئی۔2015ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چولستان کے 75پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیئے ان سکولوں کے اساتذہ کی دو مختلف تربیتی ورکشاپس منعقد کی گئیں۔ اس تربیتی سلسلے کا مقصد چولستان کے صحرائی علاقوں کے سکولوں کا معیار تعلیم بہتر بنانا ہے تاکہ طالبعلموں کو کوالٹی ایجوکیشن ملے۔

پیف ترجمان کے مطابق سکول اساتذہ کی سہولت کے لیئے تربیتی ورکشاپس پانچ مختلف کلسٹرز میں منعقد کی گئیں۔ تین دن دورانیہ کی تربیتی ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو اردو ، ریاضی اور انگریزی کے مضامین کے بارے میں جدید تعلیمی تصورات سے اگاہ کیا گیا۔ ان اساتذہ کو کلاس روم مینجمنٹ ، چائلڈ سائیکالوجی اور دیگر تعلیمی موضوعات کے بارے میں بھی لیکچرز دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق یہ تربیتی ورکشاپ بصارت سے محروم اسسٹنٹ ڈائریکٹر رشید احمد پھلرواں کی جانب سے منعقد کی گئیں ۔ انہوں نے بصارت کی کمی کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں کبھی حائل نہیں ہونے دیااور موسمی اور سفری صعوبتوں کے باوجو د چولستان کے مختلف علاقوں کے دورے کر کے اساتذہ کے لیئے تربیتی ورکشاپ منعقد کیں۔ قبل ازیں انہوں نے مختلف سکولوں کے دورے کر کے اساتذہ کی تعلیمی ضروریات کا اندازہ لگایا ۔

ترجمان کے مطابق بہاولپور ڈویژن کے چولستانی صحر ا میں قائم 75سکو لز کے پانچ ہزار طلبا ء و طالبات کی تعلیم کا بیڑہ پیف نے اٹھا رکھا ہے ۔ یہ سکول پیف کے "نیو سکول پروگرام "سے منسلک ہیں ۔ چولستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ ایک باہم معاہدہ کے تحت ان طالبعلموں کی ماہانہ فیس اور نصابی کتب پیف مہیا کر تی ہے۔ اسی طرح ان سکولوں کا معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیئے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ بھی کی جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :