سی ڈ ی ڈبلیو پی کی لاہورمیں اورینج لائن میٹرو ٹرین سمیت 180 ارب روپے کے 7منصوبوں کی منظوری ،3 منصوبوں کی حتمی منظوری ایکنک سے لی جائے گی

پنجاب حکومت چین سے سستا قرضہ حاصل کر کے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ 27 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرے گی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کاسینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 5 مئی 2015 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈ ی ڈبلیو پی )نے لاہو رمیں 165 ارب 20 کروڑ لاگت‘27.1 کلو میٹر طویل اورینج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سمیت 180 ارب 8 کروڑ روپے لاگت کے 7منصوبوں کی منظوری دیدی جن میں تین منصوبوں کی حتمی منظوری ایکنک سے لی جائے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے حکومت پنجاب چین سے سستا قرضہ حاصل کر کے 27 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کرے گی۔

منگل کے روز سنٹر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں لاہو رمیں 27.1 کلو میٹر طویل دو رویہ لائن میٹرو ٹرین منصوبعے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

جس پر 165 ارب 20 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ یہ منصوبہ 27 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سگنل فری ہو گی جبکہ اس کی لاگت پوری کرنے کیلئے میٹرو ٹرین کے اسٹیشنوں پر کمرشل ایریا بنایا جائے گا۔

یہ منصوبہ پنجاب حکومت کا ہے جس کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی مکمل کرے گی جبکہ پنجاب حکومت مذکورہ منصوبے کیلئے چین سے سستا قرضہ حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین ٹھوکر نیاز بیگ سے براستہ بند روڈ ‘ چوبرجی ‘ انار کلی ‘ لکشمی چوک ‘ ریلوے اسٹیشن‘ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ‘ شالیمار باغ ‘ اسلام پارک ‘ ڈیرہ گجراں پہنچے گی۔

علاوہ ازیں سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں مالاکنڈ یونیورسٹی میں تدریسی سہولیات کی فراہمی کے 99 کروڑ 67 لاکھ 17 ہزار روپے لاگت کے منصوبے ‘ یونیورسٹی آف انجینئرنگ کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے‘ 6 ارب 97 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت کے حامل ضلع لیہ کو تونسہ شریف سے جوڑنے کیلئے دریائے سندھ پر چار لائنپل کی تعمیر کے منصوبے ‘ لاڑکانہ پیکج کے تحت دو کروڑ 27 لاکھ روپے کے رانتو کینال او رجھمرو کینال کی بحالی و اپ گریڈیشن منصوبے ‘ بلوچستان میں توانائی منصوبوں کے ماحول پر اثرات کا اندازہ لگانے کے لئے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

البتہ ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر پلاننگ یونٹ کے قیام کا منصوبہ خاطر خواہ تیاری نہ ہونے کی وجہ سے ترک کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سمیت سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ہونے والے 177 ارب 72 کروڑ روپے کے تین منصوبوں کی حتمی منظوری ایکنک سے لی جائے گی