واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈ شیڈنگ کے الیکٹرک کی کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ،شرجیل میمن

بدھ 6 مئی 2015 16:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر گھنٹوں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے وہ عدالت کے احکامات کے برخلاف واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرے بصورت دیگر کے الیکٹرک کے خلاف حکومت سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہوگی۔

بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈشیڈنگ شروع کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور ان کا یہ اقدام توہین عدالت کا مرتکب ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے اس رویہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے اور اس کے باعث شہریوں کو پانی کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کے بحران میں مبتلا کرکے کے الیکٹرک اس شہر میں امن و امان کی صورت حال کو بھی خراب کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔انہوں نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنوں پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اور اگرکے الیکٹرک انتظامیہ نے فوری طور پر اپنا رویہ نہ بدلا تو حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر مجبور ہوگی۔

متعلقہ عنوان :