ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کی پانچ سال قید کی سزا معطل کردی

دبنگ خان کی سزا معطل ہوتے ہی ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

جمعہ 8 مئی 2015 17:25

ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کی پانچ سال قید کی سزا معطل کردی

ممبئی ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) )ممبئی کی ہائی کورٹ نے فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر گاڑی چڑھانے کے معاملے میں اداکار سلمان خان کی درخواستِ ضمانت منظور کرتے ہوئے انھیں دی گئی پانچ سال قید کی سزا معطل کر دی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ کے جج ابھے تھپسے نے بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی سزا معطل کردی، ۔

سماعت کے دوران جج ابھے تھپسے نے عدالت میں پولیس کانسٹیبل رویندر پاٹل کے بیان کی کاپی مانگی، جو کیس کے اہم عینی شاہد تھے۔سلمان خان کا دعویٰ ہے کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی نہیں چلا رہے تھے بلکہ سٹیرنگ کے پیچھے ان کا ڈرائیور اشوک تھا۔جج نے استغاثہ سے یہ بھی پوچھا کہ واقعے کے وقت موجود گلوکار کمال خان کا بیان پولیس نے دوبارہ کیوں نہیں ریکارڈ کیا۔

(جاری ہے)

سلمان خان کے وکیل امت دیسائی کی دلیل تھی کہ ’سلمان خان حادثے کے وقت گاڑی چلا رہے تھے، یہ بات جج نے کہی ہے، استغاثہ اسے ثابت نہیں کر سکا۔ممبئی کی سیشن کورٹ کی جانب سے بھارتی اداکار سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس میں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔سلمان خان کے وکلاء کی جانب سے ممبئی ہائی کورٹ میں سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی گئی جس میں کہا گیا کہ عدالت نے گاڑی میں موجود ڈرائیور اور دیگر افراد سے پوچھ کچھ نہیں کی اور سزا سنادی۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے کیس سماعت کیلئے منظور کی جس کا فیصلہ آج سنا دیا گیا ہے۔دبنگ خان کی سزا معطل ہوتے ہی ان کے خاندان، دوستوں اور مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اس سے قبل ممبئی ہائی کورٹ نے سلمان خان کو دو دن کی عبوری ضمانت دی تھی۔سلمان پر الزام تھا کہ انھوں نے 28 ستمبر 2002 کی رات نشے میں اپنی گاڑی ممبئی کے علاقے باندرہ میں امریکن ایکسپریس بیکری کے کنارے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھا دی تھی۔

اس واقعے میں ایک 38 سالہ شخص نور اﷲ خان ہلاک اور چار زخمی ہوئے تھے۔سلمان خان کا دعویٰ ہے کہ وہ حادثے کے وقت گاڑی نہیں چلا رہے تھے تاہم سیشن کورٹ کے جج ڈی ڈبلیو دیش پانڈے نے کہا تھا کہ سلمان خان پر غیر ارادی قتل کا الزام ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلمان ہی نشے میں گاڑی چلا رہے تھے اور ان کے خلاف تمام الزامات درست ثابت ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :