کراچی، جدید تعلیمی ادارے نوجوانوں میں سرمایہ دارانہ سوچ پروان چڑھا رہے ہیں،انجینئر نوید قمر

پیر 11 مئی 2015 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) جماعۃ الدعوۃ شعبہ تعلیم کے مرکزی مدیر انجینئر نوید قمر نے کہا ہے کہ جدید تعلیمی ادارے نوجوانوں میں سرمایہ دارانہ سوچ پروان چڑھا رہے ہیں۔ عصری علوم کے میدان میں مغربی فلسفے کی اتباع کرنا مسلمانوں کی ضرورت نہیں ہے۔ تعلیمی اداروں کی اصلاح اور اساتذہ کی تربیت کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ کراچی کے دوران مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں ٹائمز اور تقویٰ ماڈل اسکولز کے پرنسپلز اور اساتذہ کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ٹائمز اور تقویٰ ماڈل اسکولز کے کراچی میں قائم تمام کیمپس سے پرنسپلز نے شرکت کی۔ انجینئر نوید قمر نے کہا کہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو سیکولر بنانے کے لیے نصاب سے اسلامی و نظریاتی مواد نکالا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

آج ایسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے جو نظام تعلیم کے خلاف بیرونی یلغار کے سامنے بند باندھ سکیں۔ تعلیم کے میدان میں غیر ملکی سازشوں کو ہر سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لارڈ میکالے کے نظام تعلیم کو اب بھی نصاب سے مکمل طور پر خارج نہیں کیا جا سکا۔ الدعوۃ سسٹم آف اسکولز کا مقصد عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات کا فروغ بھی ہے۔

ملک کو اسلامی نظریے پر مبنی نصاب تعلیم مہیا کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ریاست اور اقتصادی نظام کو کنٹرول کرنے والے افراد تیار ہوتے ہیں۔ اس لیے مغربی ممالک کی خواہش ہیں کہ پاکستان میں ایسے افراد تیار کیے جائیں جو مکمل طور پر ان کے نظاموں کی اتباع کریں۔ ملک گیر سطح پر تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی تربیت کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :