زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پہلا قدم ہے، چیئرمین پی سی بی شہریار خان

ہفتہ 16 مئی 2015 19:47

زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پہلا ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 مئی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پہلا قدم ہے، آئی سی سی کو زمبابوے ٹیم کی آمد کے حوالے سے آگاہ کر دیا، پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بھارتی بورڈ سے مفید بات چیت ہوئی۔ وہ ہفتہ کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف پہلا قدم ہے، اس کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، کرکٹ شائقین بھی سیکیورٹی کے حولے سے تعاون کریں، شائقین کیلئے اخباروں میں اشتہارات دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو زمبابوے ٹیم کی آمد کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ایک بار انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا افتتاح ہو جائے ۔

(جاری ہے)

شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی کے آفیشلز نہ آئے تو امپائر پاکستان کے ہی ہوں گے، پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے بھاری بورڈ سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کامیابی سے جاری ہے، ہم نے سری لنکا اور بنگلہ دیش کو بھی کرکٹ کھیلتے کی دعوت دی ہے، ہماری کوشش ہے کہ لاہور کے بعد کراچی، ملتان اور فیصل آباد میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جائے گی۔