زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینکڑوں طلباء کا شدید گرمی و ماہ رمضان میں سمسٹر کے امتحانات ملتوی کرنے کیلئے یونیورسٹی کے گیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ ،دھرنا

ہفتہ 20 جون 2015 15:07

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینکڑوں طلباء وطالبات نے شدید گرمی اور ماہ رمضان میں سمسٹر کے امتحانات ملتوی کرنے کیلئے یونیورسٹی کے گیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا،طلباء وطالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ اور وائس چانسلر کے خلاف شدید نعرے بازی کی،طلبہ کا مطالبہ تھا کہ شدید گرمی اور رمضان کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے طلباء وطالبات کو سمسٹر کے امتحانات دینے میں مشکلات پیش آرہی ہیں جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے جنریٹر اور دیگر سہولتوں کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں کیا گیا ہے۔

طلباء وطالبات کا یہ مظاہرہ کئی گھنٹے تک جاری رہا،اس دوران سڑک کو بند کرکے دھرنا بھی دیا۔آن لائن کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان کے ترجمان پرنسپل انفارمیشن افسر ڈاکٹر جلال عارف نے اس سلسلہ میں جو یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ ہینڈ آؤٹ ،جس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کے درجن بھر طلبہ کی طرف سے امتحانات کا بائیکاٹ کرنے اور ان کے احتجاج کو غیر ضروری اور پرامن تعلیمی ماحول کو بیرونی اشاروں پر خراب کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یونیورسٹی میں جاری سمسٹر کے فائنل امتحانات انتہائی پرامن اور روایتی انداز میں جاری ہیں جن میں 20,000سے زائد طلباء وطالبات شریک ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طلباء کی اتنی بڑی تعداد میں درجن بھر طلبہ کی طرف سے امتحانات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ اور احتجاج بلا وجہ تعلیمی ماحول کو متاثر کرنے کی بونڈی کوشش ہے جنہیں یونیورسٹی کی انتظامیہ کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں سحر وافطار کے علاوہ مرکزی مسجد کو 12بجے تک کھلا رکھنے کی پہلے کی ہدایت کی جاچکی ہے جبکہ شدید گرمی کی وجہ سے ہر ہوسٹل کو چالو جنریٹر سے منسلک کرتے ہوئے ٹھنڈے پانی کا بھی انتظام کردیاگیا ہے۔اس کے باوجود چند شرپسند عناصر کی طرف سے طلباء کو احتجاج پر اکسانے قابل مذمت فعل ہے۔دریں اثناء آن لائن کو معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے طلباء کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے

متعلقہ عنوان :