چارسدہ،واپڈا کے ستائے ہوئے عوام کے پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ، مظاہرین نے شبقدر گریڈ سٹیشن پر پتھراؤ کے بعد واپڈا ریکارڈ ، آٹو چنگ چی اور واپڈا کنڑول روم کو آگ لگا دی

ہفتہ 20 جون 2015 22:51

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 جون۔2015ء) واپڈا کے ستائے ہوئے عوام کے پر تشدد احتجاجوں کا سلسلہ جاری ۔ اہلیان شبقدر کا شبقدر گریڈ سٹیشن پر پتھراؤ کے بعد گریڈ سٹیشن میں گھس کر واپڈا ریکارڈ ، آٹو چنگ چی اور واپڈا کنڑول روم کو آگ لگا کر خاکستر کردیا ۔ گریڈ سٹیشن میں کھڑکیوں کے شیشے ٹوڑ دئیے ۔ فاروق اعظم چوک میں بھی وقفے وقفے سے مختلف علاقوں کے عوام کا احتجاجی مظاہرہ۔

تفصیلات کے مطابق طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا ، ضلع بھر میں جاری 15 سے 17گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مزدور کسان پارٹی کی جانب سے فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پارٹی کے ڈنڈا برادرمظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا اور طویل ظالمانہ لوڈ شیڈنگ پر محکمہ واپڈا چارسدہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کی قیادت پارٹی کے صوبائی رہنماء شماس خان کر رہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شماس خان کا کہنا تھا کہ طویل غیر اعلانیہ لوڈٖ شیڈٖنگ کی وجہ سے اگر ایک طرف روزہ دار سحری اور افطاری کے اوقات میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں تو دوسری طرف معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم اور اسکے لیئے باقاعدہ شیڈول مقرر کیا جائے ۔

شبقدر میں و اپڈا کے ستائے ہوئے عوام کا شبقدر گریڈ سٹیشن پر پتھراؤ کے بعد گریڈ سٹیشن میں گھس کر واپڈا ریکارڈ ، آٹو چنگ چی اور واپڈا کنڑول روم کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا ۔مظاہرے کی قیادت تحریک انصاف کے ورکروں امیر حیدر ،نصیب خان او ر دیگر نے کی ۔مشتغل مظاہرین نے یو ایس ایڈ کے میٹر کو بھی توڑ ڈالا جبکہ چار ریلے بھی ناکارہ بنا دئیے۔ مظاہرین میں نامعلوم چوروں نے گریڈ سٹیشن سے واٹر پمپ اور پولیس کارڈ میں موجود 30بکس کارتوس جس میں 600کارتوس ، ایک عدد بلٹ پروف جیکٹ اور ایک عدد ہیلمٹ اپنے ساتھ لے گئے ۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرے کیلئے آنسو گیس کے گولے پھینکے اور مظاہرین پر زبر دست لاٹھی چار ج کرکے 4افراد کو موقع پر گرفتار کر لیااور ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ۔ واپڈا گریڈ سٹیشن شبقدر انچارج کے مطابق گریڈ میں 50لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔مقامی پولیس نے ایس ایچ او شبقدر اعجاز خان کی رپورٹ پر جرم 324/353/392/435/341/147/148/149اور 7ATAکے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی ۔

متعلقہ عنوان :