افغانستان،طالبان نے ضلع چاردارا پر قبضہ کرلیا، 19 افغان فوجی ہلاک، 16 زخمی

سیکورٹی فورسز کے مختلف صوبوں میں آپریشن کے دوران57 طالبان جنگجو ہلاک ، 23 زخمی طالبان کی ضلع چاردارا کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پیش قدمی ،سیکیورٹی اہلکاروں نے ضلع کا کنڑول دوبارہ حاصل کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا ،صوبائی پولیس چیف کے ترجمان سعید سرور حسینی

اتوار 21 جون 2015 17:38

افغانستان،طالبان نے ضلع چاردارا پر قبضہ کرلیا، 19 افغان فوجی ہلاک، ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جون۔2015ء) افغانستان میں طالبان کے حملوں اور جھڑپوں میں 19 افغان فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ،طالبان نے2 روز کی لڑائی کے بعد قندوز کے ضلع چاردارا پر قبضہ کرلیا،ادھر سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں57 طالبان جنگجو ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے ۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں میں افغان فورسز نے ملک کے مختلف صوبوں میں آپریشنز کیے اس دوران بارودی سرنگوں کی زد میں آکر 7 افغان فوجی اپنی جانون سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دریں اثناء وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونیو الے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں نیشنل سیکورٹی فورسز نے صوبہ پکتیکا،سرائے پل،لوگر،ارزگان،ہلمند،قندوز اور بدخشان میں آپریشن کیے جس میں 57 جنگجو ہلاک اور 23 زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے 11 دیسی ساختہ بم ڈیوائسزقبضے میں لے کر ناکارہ بنادیں۔ادھر طالبان جنگجوافغانستان کے صوبے قندوز کے ضلع چاردارا پر قبضہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔

علاقے میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں 12 سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ۔ صوبہ قندوز کے کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی کا کہنا ہے کہ دو روز کی لڑائی کے بعد طالبان جنگجو ضلع چاردادا کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ایوبی کا کہنا ہے کہ ’اس وقت علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے اور مقامی افراد جن میں بچے اور عورتیں شامل ہے علاقے سے نقل مکانی کررہے ہیں‘۔

انھوں نے مزید بتایا کہ صوبہ قندوز کے دارالحکومت قندوز میں بھاری اور ہلکے ہتھیاروں کے چلنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔صوبائی پولیس چیف کے ترجمان سعید سرور حسینی نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ضلع کا کنڑول دوبارہ حاصل کرنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوابی کا کہنا ہے کہ جھڑپیں طالبان کی جانب سے ضلع چاردارا کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد شروع ہوئیں ۔

انکا مزید کہنا تھاکہ 70 کے قریب فوجیوں کو طالبان نے گھیر رکھا ہے اور شہر میں جھڑپوں کاسلسلہ تاحال جاری ہے ۔عسکریت پسند ضلع چاردارا کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد پیش قدمی کررہے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ حکومت سے صوبے میں مزید فوجی کمک بھیجنے کی درخواست کی ہے عسکریت پسندوں کو صوبے پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے ۔