جماعت اسلامی کی صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت

حکمران عوام پر رحم کرتے ہوئے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ، مصنوعی مہنگائی کا فوری خاتمہ کریں ،بیان

منگل 23 جون 2015 23:01

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جون۔2015ء ) جماعت اسلامی کے صوبائی بیان میں ملک بھر کی طرح بلوچستان اور خصوصاًصوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بدترین لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے بجلی لوڈشیڈنگ اور بدامنی ختم کرنے پر عوام سے وعدے کرکے ووٹ لیے مگر حکمرانوں نے خودبجلی کا متبادل انتظام اور ذاتی سیکورٹی گارڈ رکھ کر عوام کے حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا روزہ دار وں پر بجلی بند کرکے لگتا ہے حکمرانوں نے شمسی ،یوپی ایس جنریٹرفروخت کرنے والوں سے گٹ جوڑ کر لیا ہے ۔

حکمران عوام پر رحم کرتے ہوئے بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ، مصنوعی مہنگائی کا فوری خاتمہ کریں ۔بیان میں کراچی میں بجلی کی وجہ ہلاکتوں پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا ۔حکومت کاعوام کو بجلی فراہم نہ کرنااور سخت گرمی ورمضان میں بدترین لوڈشیڈنگ ناکامی ونااہلی ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں صوبائی دارالحکومت میں عوام کو گندے پانی کی فراہمی پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

بجلی سے ہلاکتوں اور بدترین لوڈشیڈنگ پر حکمرانوں کو ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے مگرہمارے ملک میں بدقسمتی سے یہاں منتخب ہونے کے بعد اقتدار وکرسی سے چمٹ جاتے ہیں ۔ صوبائی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ منتخب ہونے کے بعد منتخب ہونے والوں کے گھروں سے سرکاری کوارٹر جانے اور عوامی زندگی کے بجائے شاہانہ زندگی گزارنے کے بعد عوام کو یکسر بھولنا عوام کیساتھ زیادتی اور ظلم ہے عوام ہوش کے ناخن لیتے ہوئے آئندہ سچے کھرے اور نام نہاد دعوے کرنے والوں میں فرق کرتے ہوئے صالح واچھے لوگوں کا ساتھ دیں جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مظالم پر آوازبلند کرتے ر ہیں گے بلوچستان کے حکومتوں نے ہمیشہ عوام کا استحصال کیا ہے عوامی نمائندگی کے دعوے ونعرے لگانے والے صرف وعدے اوربے عمل اعلانا ت کرتے ہیں ۔

بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے ہر طبقہ فکر خصوصاًہسپتال ،تاجر ،طلبہ اور عام روزہ دار وعوام پریشان ہیں ۔