سستے رمضان بازاروں کے لئے ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

رمضان پیکج کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے منتخب نمائندے اور سرکاری حکام رمضان بازاروں کا دورہ کررہے ہیں‘صوبائی وزیر

جمعرات 25 جون 2015 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء )وزیرایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو آٹا،گھی ،چینی ،سبزیاں ودیگر اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے صوبہ بھر میں رمضان بازاروں کا انعقاد کیا ہے، کسی کو بھی نا جائز منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور رمضان بازاروں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے منتخب نمائندے اور ضلعی انتظامیہ کے ارکان اور ضلعی انتظامیہ رمضان بازاروں کا دورہ کرے گی، ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی کے نتیجے میں رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا310/= روپے اور چینی 52 روپے فی کلو دستیاب ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بازارشادمان اوراسلام پورہ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا- تحصیل میونسپل افسر،چیف کوارڈی نیٹرشہباب بشارت ،کوارڈی نیٹر چوہدری لیاقت،شیخ اعجاز،کالم نگار ناصر بشر ودیگر سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-صوبائی وزیر نے سرکاری حکام کو ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں کوالٹی اشیائے ضروریہ اور ان کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے-مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے خصوص سٹال بھی رمضان بازاروں میں لگائے گئے ہیں اور محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپس پر سبزیاں اور پھل اعلی کوالٹی کا دستیاب ہو گا جبکہ مصنوعی قلت اور مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈی سی اوز منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کا خود جائزہ لیا کریں گے اور صوبہ میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیرنے رمضان بازاروں میں اشیاء کی کوالٹی اور ان کی قیمتوں کو چیک کیا اور لوگوں سے بھی اشیاء کی فراہمی بارے دریافت کیا-