جامعہ کراچی اور آذربائجان کے درمیان سائنس و تحقیق پر معاہدہ

جمعہ 26 جون 2015 15:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 جون۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور آذربائجان کی معروف تعلیمی ادارے قفقاز یونیورسٹی باکو کے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کا مقصد دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان سائنسی میدان میں تحقیقی و تعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے ۔

معاہدہ پر دستخط آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی آئے ہوئے قفقاز یونیورسٹی باکو کے سینئر فیکلٹی رکن حاجی آرزو عباس اُف اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی میں جمعہ کو منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیے، تقریب میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، قفقاز یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر انارگنجو، ہربین پاکستان کی ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر احسنہ ڈار سمیت ادارے کے دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر عطا الرحمن نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اب آذربائجان اور پاکستان کے سائنسدان متفرق سائنسی مضوعات پرمشترکہ سائنسی تحقیق کرینگے، انھوں نے کہا اس معاہدے سے دونوں ممالک میں باہمی تحقیق و تفتیش کو مذیدفروغ ملے گا، انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی ترقی پذیر دنیا کا اعلیٰ ترین تحقیقی و تعلیمی ادارہ ہے۔

ڈاکٹرمحمداقبال چوھدری نے کہا بین الاقوامی مرکز میں کیمیائی و حیاتیاتی علوم میں تحقیقی سرگرمیاں جاری ہیں، انھوں نے کہا دونوں ممالک کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائیگا تاکہ دونوں ممالک کے ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں۔ قفقاز یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی رکن حاجی آرزو نے کہا قفقاز یونیورسٹی نے ملک میں نجی اداروں میں تعلیم کے شعبے میں سب سے نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور طلبہ و طالبات کو خصوصی سہولیات اور مالی امداد فراہم کرنے کے حوالے سے جداگانہ حیثیت کی حامل ہے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائیگا تاکہ ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں، دونوں تعلیمی و تحقیقی ادارے ہر سال متعلقہ موضوعات پر مشترکہ ورکشاپ اور سیمینار کا انعقاد بھی کرینگے، اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہے جبکہ اس معاہدے کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان تحریری اطلاع سے ممکن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :