وقاص شاہ قتل کیس، عدالت نے متحدہ کے کارکن آصف علی کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا

ہفتہ 27 جون 2015 23:07

وقاص شاہ قتل کیس، عدالت نے متحدہ کے کارکن آصف علی کو 14 روز کے جسمانی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جون۔2015ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران فائرنگ کر کے وقاص شاہ کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے آصف علی کو 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ملزم سید آصف علی کو رینجرز نے سخت حفاظتی انتظامات میں ریمانڈ کیلئے انسداد دہشت گردی کورٹ میں پیش کیا تو تفتیشی افسر نے عدالت سے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

ملزم کے وکلا لطیف پاشا اور مجید کاروانی نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر اے کلاس کر کے سیشن کورٹ میں پیش کی جا چکی ہے۔ وکلا صفائی کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وقاص شاہ رینجرز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا لیکن افسوس رینجرز ہی مقدمے کی مدعی بن گئی اور اب ایم کیو ایم کے کارکن کو اس کیس میں ملوث کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رینجرز کے لا افسر رانا خالد نے موقف اختیار کیا کہ وقاص شاہ کو رینجرز نے نہیں مارا اور نہ ہی رینجرز اس مقدمے میں مدعی ہے۔

لا افسر کا کہنا تھا کہ چونکہ رینجرز پر الزامات لگائے جا رہے ہیں اس لیئے ہم تحفظ کیلئے ساتھ آئے ہیں۔ فاضل جج نے ریمارکس دیے کے وقاص شاہ کے قتل کا منظر پورے شہر نے دیکھا۔ عدالت ملزم کو وکلا صفائی کے کہنے پر نہیں چھوڑ سکتی۔ اگر ملزم بے قصور ہوا تو وہ تفتیش میں بے گناہ قرار دے دیا جائے گا۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد ملزم کو 14 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :