واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس میں نوجوان اتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کیلئے نئی سکیم کا آغاز

چیئر مین واپڈا کی زیر صدارت انڈاؤمنٹ فنڈ بورڈ کااجلاس ‘اتھلیٹکس وظائف 12 فی صد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیئے گئے

منگل 14 جولائی 2015 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جولائی۔2015ء) چیئرمین واپڈااور چیئرمین واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس بورڈ ظفر محمود کی زیر صدارت واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر احمد اور کمپنی سیکرٹری شفقت رانا شریک ہوئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس کے مجموعی 120 وظائف میں سے 50 فیصد وظائف اتھلیٹکس کے لئے مختص ہوں گے ۔

اتھلیٹکس وظائف میں سے نصف لڑکوں اور نصف لڑکیوں کے لئے ہوں گے۔واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس میں اتھلیٹکس کے وظائف کو 12 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کی وجوہات میں اتھلیٹکس کو تمام کھیلوں کی ماں کہا جاتا ہے اور اتھلیٹس کسی بھی کھیل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں ،اتھلیٹکس میں چناؤ کا طریق کار معروضی ہوتا ہے جس کے تحت نوجوان اتھلیٹس کو مختصر فاصلے کی دوڑ ، ہائی جمپ ، لانگ جمپ اور رکاوٹی دوڑ کے ذریعے ٹیسٹ کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

کھیلوں میں نوجوان لڑکیوں کی شرکت کے لئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔اپنی سماجی ذمہ داری کی تکمیل کے لئے واپڈا نے انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس2010 ء میں قائم کیا تھا جس کا مقصد بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی کارکردگی بہتر بنانا ،نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولتیں مہیا کرنا اور کھیلوں کے فروغ کے لئے مالی وسائل کا انتظام کرنا تھا ۔

واپڈا انڈاؤمنٹ فنڈ برائے سپورٹس کی سکیم نہایت کامیاب رہی ہے اور اس سکیم کے تحت منتخب ہونے والے نوجوانوں نے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں ۔ اجلاس میں نوجوان اتھلیٹس اور دیگر کھلاڑیوں جس میں لڑکے اور لڑکیاں شامل ہیں ،کے سلیکشن کے معیار کی بھی منظوری دی گئی، ان اقدامات میں نوجوان کھلاڑیوں کی ٹریننگ ، کوچنگ ، غذائی ضروریات اور فٹنس کے طریقوں کے ساتھ ساتھ ماہانہ 5 ہزار روپے بطور وظیفہ دینا بھی شامل ہیں ۔

نوجوان کھلاڑی مختلف مقابلوں میں اپنے سکولوں ، علاقوں اور کلب کی نمائندگی کے حوالے سے آزاد ہیں اور ان پرواپڈا کے ساتھ وابستگی لازم نہیں۔نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی جسٹریشن کے بعد اُن کی سہولت کے لئے فٹنس ٹیسٹ پاکستان کے دس مختلف شہروں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر ، کوئٹہ ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ ، لاہور ، راولپنڈی اور پشاور میں ہوں گے ۔

اتھلیٹکس کے لئے مطلوبہ معیار کو پورا کرنا ہوگا جو کہ واپڈا کی ویب سائٹ پر دیا گیا ہے ۔منتخب کردہ نوجوان کھلاڑیوں کو واپڈا سپورٹس بورڈ کے کوچز متعلقہ کھیلوں کے حوالے سے ٹریننگ دیں گے اور ان کھلاڑیوں کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور کھیلوں سے متعلقہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔کوچنگ اور ٹریننگ کی سہولت اور وظیفہ اٹھارہ سال کی عمر کوپہنچنے تک دیا جاتا رہے گا۔

تاہم اس کے لئے کارکردگی کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنا ہوگا جسے جانچنے کے لئے شش ماہی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا ۔یہ سکیم ہر سال کھلاڑیوں اور اتھلیٹکس کے انتخاب کے لئے جاری رہے گی ۔ اس ضمن میں واپڈا نے صوبائی ایجوکیشن سیکرٹریوں کو دعوت نامے ارسال کردیئے ہیں تاکہ سکولوں سے بھی زیادہ سے زیادہ ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :