پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نئی ویب سائٹ لانچ کر دی

بدھ 15 جولائی 2015 12:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جولائی۔2015ء) حکومت پنجاب تمام بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے لیئے سر گرمی سے کوشاں ہے ۔ ہر بے وسیلہ بچے کومیٹرک تک مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ اس مقصد کے لیئے صوبائی بجٹ کا 27فیصد حصہ فروغ تعلیم کے لیئے مختص کیا گیا ہے ۔ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب کے ذریعے ہر بچے کی تعلیم تک یکساں رسائی کا حق یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ 2018تک سو فیصد انرولمنٹ کا ہدف حاصل کر لیں ۔ اس حوالے سے یہ بات اطمینان بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 17لاکھ سے زائد مستحق طلبا ء و طالبات کو پارٹنر سکولوں میں داخل کر وا کرلاکھوں گھرانوں کا مستقبل محفوظ کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پیف کی نئی سرکاری ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے ایک مقامی ہوٹل میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈپٹی ایم ڈی سلمان انور ملک ، پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ قمر الاسلام نے کہا کہ نئی ویب سائٹ میں مختلف مفید فیچرز شامل کیئے گئے ہیں جن سے پارٹنر سکولوں اور دیگر متعلقین کو درکار تمام ضروری معلومات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن "کامیابی کی کہانی" ہے جس نے انفارمیشن و کمیونیکشن ٹیکنالوجیز کے موثر استعمال کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مبنی مفت تعلیم کے نظام کو نتیجہ خیز ، شفاف اور مزید موثر بنایا ہے تاکہ بے وسیلہ گھرانوں کو حصول علم تک رسائی میں کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔

اسی طرح پارٹنر سکولوں کا ڈیٹا جیو گرافیکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے اکھٹا کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے طالبعلموں کا ضروری کمپیوٹرائزڈ ریکارڈمحفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ ماہانہ حاضری کا الیکٹرانک نظام بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو یہ کریڈٹ بھی جاتا ہے کہ اس نے دوردراز ، پسماندہ اور سکولوں سے محروم علاقوں میں نجی شعبہ کے ذریعے تعلیم عام کی ہے جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے جبکہ تعلیم تک آسان رسائی سے لڑکیوں کی تعلیم کا رحجان بھی بڑھا ہے ۔

درحقیقت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سافٹ امیج کی علامت بن کر ابھری ہے جسے جنوبی ایشیاء میں رول ماڈل پروجیکٹ کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ قمر الاسلام نے فروغ تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مند بچوں کی تعلیم کی رسائی آسان بنانے کی غرض سے پیف کا سب سے بڑا توسیعی فیز کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پارٹنر سکولوں کی تعداد 5ہزار ہو گئی ہے جبکہ طالبعلموں کی کل تعداد 20لاکھ تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے فروغ تعلیم کے حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سٹاف کی محنت کو سراہا اور کہا کہ جہالت کے خاتمے کے لیئے کوششیں لائق تحسین ہے ۔ تقریب سے ڈپٹی ایم ڈی سلمان انور ملک اور علی عمران نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں چےئرمین پیف قمر الاسلام راجہ نے بٹن دبا کر نئی ویب سائٹ کا با ضابطہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :