آن لائن داخلوں کے نظام کا دائرہء کار پنجاب کے 650سرکاری کالجوں تک پھیلا دیا گیا ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

جمعرات 16 جولائی 2015 13:54

لاہور ۔16 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جولائی۔2015ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ،ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ آن لائن کالج داخلوں کے نظام کو توسیع دیتے ہوئے اب اس کا دائرہء کار پنجاب کے 650سرکاری کالجوں تک پھیلا دیا گیا ہے جبکہ شفافیت اور میرٹ کو بھی یقینی بنا یا گیا ہے۔وہ ارفع آئی ٹی ٹاور میں کالج ایڈمیشن کے سافٹ ویئر کی تربیتی ورکشاپ کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔

ورکشاپ کے پہلے مرحلے میں مختلف کالجوں کے300افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ایک طالب علم اور اسکے والدین کو کالج داخلے کے لئے طویل سفر کے ساتھ ساتھ دیگر بھاری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑتے تھے لیکن پی آئی ٹی بی کے متعارف کرائے گئے اس نظام کے تحت گھر بیٹھے www.ocac.punjab.gov.pkپر جا کر ایک یا ایک سے زائد مطلوبہ کالجوں میں داخلہ کی درخواست بھجوائی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست کی فیس بھی معمولی یعنی صرف25روپے رکھی گئی ہے جو بینک آف پنجاب کی قریبی شاخ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس نظام کو ابھی سے فعال کر دیا ہے تاکہ تعلیمی بورڈ جونہی میٹرک کے نتائج کا اعلان کریں تو طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں ۔ڈاکٹر عمر سیف نے کہاکہ صوبائی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، صوبہ کے نو تعلیمی بورڈوں اور بینک آف پنجاب کی شراکت سے چار سال قبل شروع کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت اب تک منتخب کالجوں کیلئے 3 لاکھ90 ہزاردرخواستوں پر آن لائن کارروائی ہوچکی ہے۔

آن لائن درخواست کا اندراج نہایت آسان ہے اور دی گئی ہدایات کے مطابق جتنی مرضی داخلہ درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔ ہر طالب علم مطلوبہ کالج کی میرٹ لسٹ بھی آن لائن دیکھ سکتا ہے چنانچہ کالجوں کے بار بار چکر لگانے کی بجائے گھر بیٹھے ہی داخلہ کی اطلاع ملنے کے بعد طالب علم کو صرف فیس جمع کرانے کے لئے کالج جانا پڑتا ہے۔ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ فی الحال یہ سہولت انٹرمیڈیٹ یا مساوی کلاسوں میں داخلے کے لئے فراہم کی گئی ہے تاہم مستقبل میں دیگر پروگراموں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :