علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2015ء کے داخلے یکم اگست سے شروع ہو ں گے

جمعہ 24 جولائی 2015 15:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 جولائی۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2015ء کے داخلے پاکستان کے چاروں صوبوں ‘ آزاد کشمیر ‘ شمالی علاقہ جات کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے ممالک سعودی عرب ‘ کویت ‘ قطر ‘ متحدہ عرب امارات ‘ عمان اور بحرین میں یکم اگست 2015ء سے ایک ساتھ شروع ہوجائیں گے۔ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 4۔

ستمبر 2015مقرر کی گئی ہے۔ سمسٹر خزاں 2015ء میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یکم اگست سے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے سیل پوائنٹس اور ملک بھر میں موجود علاقائی کیمپسسز اوررابطہ دفاتر سے حاصل کئے جاسکیں گے۔داخلہ فارم مقررہ فیس فرسٹ ویمن بینک ‘ بینک الفلاح اور الائیڈ بینک ‘ مسلم کمرشل بینک کی تمام پرانچوں اور نیشنل بینک آف پاکستان کی نامزد کردہ برانچوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

نامزد شاخوں کی تفصیلات پراسپکٹس ‘ یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں دستیاب ہیں۔پہلے سے جاری طلبہ کو کمپیوٹرائزڈ داخلہ فارم بھجوادئیے گئے ہیں۔ اگر کسی طالب علم کو داخلہ فارم موصول نہ ہو تو وہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkسے ڈاؤن لوڈ کرکے یا میٹرک کا پرسپیکٹس لے کر اپنا داخلہ فارم کسی بھی بینک کی نامزد برانچ میں داخلہ فیس کے ہمراہ مقررہ تاریخ تک جمع کروا کر لیٹ فیس سے بچ سکتا ہیپروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کم و بیش نو ماہ قبل یونیورسٹی کی سربراہی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ملک کے طول و عرض میں رہنے والے تیرہ لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات کو دوران تدریس پیش آنے والے مسائل و مشکلات کا انتہائی سنجیدگی سے نوٹس لیا تھا

اور ان مشکلات کے قابل عمل حل کے لئے جدید سائنٹیفک بنیادوں پر چند اہم اقدامات کئے تھے جن کے مفید نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ان اقدامات میں آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سینٹر کا قیام‘ درسی کتابوں کے کمپیوٹرائز ٹریکنگ سسٹم کا قیام ‘ بائیومیٹرک سسٹم کا قیام اور آٹومیشن آف لائبریری اور اوقات کار میں اضافہ کرنا شامل تھا۔ڈاکٹر شاہد صدیقی کی اس اولین ترجیح کا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات کی مشکلات کم سے کم کرنا اور سہولتوں میں امکان کی آخری حد تک اضافہ کرنا تھا۔

"سٹوڈنٹ سپورٹ سسٹم"کے استحکام کے اس اہم ترین فیصلے پر سنجیدگی سے عمل درآمد کے نتیجے میں پاکستان بھر میں موجود علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے میٹرک سے پی ایچ ڈی تک مختلف پروگراموں میں داخل لاکھوں طلبہ و طالبات کا اعتماد یونیورسٹی پر اس قدر بحال ہوگیا ہے کہ وفاقی محتسب سیکریٹریٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر آفس ‘ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس آفئیرز ‘ مرکزی کال سینٹر جس سے یونیورسل فون نمبر 111-112-468پر رابطہ کیا جاسکتا ہے اور مختلف شہروں میں موجود یونیورسٹی کے علاقائی کیمپس /دفاتر کو طلبہ و طالبات کی طرف سے بھجوائی جانے والی شکایات میں نمایاں کمی آگئی ہے۔طلبہ کی مشکلات کی شرح اب ایک چوتھائی سے بھی کم رہ گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :