جامعہ کراچی :پی ایچ ڈی اسکالر شپ میں 16 ہزار سے 30 ہزار روپے کا اضافہ

پیر 27 جولائی 2015 16:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طالب علموں کی اسکالرشپ میں بالترتیب 14 ہزار سے 16 ہزار (ایم فل) اور 16 ہزار سے 30 ہزار (پی ایچ ڈی ) روپے کا اضافہ کردیا ہے۔ یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کے انچارج ڈاکٹرسید غلام مشرف نے پیرکو ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں داخلہ کمیٹی کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔

انھوں نے کہا کہ اسکالرشپ میں اضافے کا فیصلہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سب سے اعلیٰ اختیاراتی بورڈ نے اس سال مئی میں کیا ہے۔ انھوں نے کہا آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے تحت اس سال 2015 میں تقریباً 90 طالب علموں کو مختلف کلیات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے دیے گئے ہیں یہ داخلہ پروگرام جامعہ کراچی کے اعلان کردہ پرگرام کے ہمراہ مکمل کیا گیا ہے جس کے ذریعے لائق اور ہونہار طالب علموں کو داخلہ ٹیسٹ اور دیگر داخلہ میرٹ کے تحت بین الاقوامی شہرت یافتہ پرگرام کے لئے منتخب کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچیکے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامیاب طالب علموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محنت اور لگن سے اس تحقیقی اور علمی پروگرام میں آگے بڑھیں کیونکہ یہ ان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر معروف علمی و تحقیقی پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس سال 90 طالب علموں کو جن کلیات میں داخلے دیے گئے ان میں نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، بائیونامیاتی کیمیاء، پلانٹ بائیو ٹیکنالوجی، فارماکالوجی، ٹیکسٹائل کیمیاء اور مالیکیولر میڈیسن کے نام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سیمیسٹر کا آغاز 22 جولائی سے ہوچکا ہے۔

متعلقہ عنوان :