ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، الحاق کے تمام کیسز کی بغیر لیٹ فیس کے وصول کرنے کی آخری تاریخ 31جولائی سے بڑھا کر 31اگست کردی گئی

پیر 27 جولائی 2015 17:35

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 جولائی۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلبہ ، والدین اور اساتذہ کی سہولت کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے بورڈ سے الحاق کے شیڈول پر نظر ثانی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ الحاق کے تمام کیسز کی بغیر لیٹ فیس کے وصول کرنے کی آخری تاریخ 31جولائی سے بڑھا کر 31اگست کردی گئی ہے تاکہ چھٹیوں کے دوران اسکولوں کے غیر فعال ہونے کے سبب جو ادارے کاغذات جمع نہیں کراسکے ہیں انہیں دشواری نہ ہو۔

تفصیلات بتاتے ہوئے ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا کہ ہم بورڈ اور تعلیمی اداروں کے درمیان سہولت اور ہم آہنگی کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ طلبہ اور ان کے والدین کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال انرولمنٹ اور رجسٹریشن کی تاریخیں بھی اِس طرح مقرر کی جارہی ہیں کہ سالانہ امتحانی فارمز کی وصول کرنے سے قبل انرولمنٹ اور رجسٹریشن کا کام مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق رجسٹریشن اور انرولمنٹ فارمز یکم اگست سے 15ستمبر تک وصول کئے جائیں گے جس کے بعد امتحانی فارمز کی وصولی کا کام شروع کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس سال میٹر ک کے سالانہ امتحانی فارمز کے ساتھ پچھلے سال کے انرولمنٹ نمبر اور نویں کلاس کے امتحانی فارمز کے ساتھ رواں سال کے انرولمنٹ نمبر درج کئے جائیں گے۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے واضح کیا کہ انرولمنٹ نمبر کے بغیر کوئی امتحانی فارم قابل ِ قبول نہیں ہوگا اسلئے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہ اپنے طلبہ کے انرولمنٹ نمبر وقت سے پہلے حاصل کرلیں۔اور انہیں لازمی طور پر امتحانی فارمز میں درج کریں۔

متعلقہ عنوان :