کراچی ‘امتحانی نتائج میں تاخیر پر طلبا اور والدین کا بورڈ آفس کے باہر احتجاج

پیر 3 اگست 2015 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03اگست۔2015ء) کراچی میں میٹرک بورڈ کے باہر طلبا اور والدین نے امتحانی نتائج روکنے اور امتحانات میں حاضری کے باوجود غیر حاضر ظاہر کرنے پر احتجاج کیا ہے ، چئیرمین بورڈ کی مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق میٹرک بورڈ کراچی کے باہر بڑی تعداد میں طلبا اور والدین نے بورڈ کی غفلت سے سیکڑوں طلبہ کے نتائج جاری نہیں کرنے اور امتحانات میں شرکت کے باوجود غیر حاضر ظاہر کرنے پر احتجاج کیا ۔

اس موقع پر پولیس کی نفری بھی موجود تھی ۔ مظاہرین کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی ۔ بعد میں مظاہرین بورڈ آفس کا دروازہ کھول کر چئیرمین کے کمرے میں داخل ہوگئے ۔ طلبہ کا موقف ہے کہ اگروہ فیل ہوئے ہیں تو کاپی دکھائی جائے اور اگر غیر حاضری تو اس کی انکوائری کرائی جائے ۔

(جاری ہے)

بورڈ کے چئیرمین انوار احمد زئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن بچوں کے رزلٹ میں مسائل ہیں ان کی تعداد 800 سے زائد ہے ۔

شکایات کے حل کے لیے کاؤنٹرز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 12 کی جا رہی ہے ، طلبا کے مسائل حل کرینگے ، کسی کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی ۔ چیئرمین بورڈ انوار احمد زئی نے طلبا اور والدین کو ان کے مطالبا ت کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور متاثرہ طلبا و طالبات کی حاضری اور کاپیاں دوبارہ جانچ کا حکم دے دیا ۔ اس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا ۔

متعلقہ عنوان :