پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا بہترین ماڈل ہے‘قمر الاسلام راجہ

منگل 4 اگست 2015 16:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04اگست۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن تعلیمی شعبہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بہترین مثال ہے ، اس فاؤنڈیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کے ساتھ اشتراک کر کے پرائیویٹ سیکٹر کو درکار ضروری تقویت دی ہے ، اسی طرح نجی شعبہ کے تعاون سے دوردراز ، پسماندہ اور دیہی علاقوں میں تعلیم عام کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

یہ بات چےئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے پیف ہیڈ آفس میں ورلڈ بینک کی ٹاسک ٹیم لیڈر شہرزاد لطیف کی زیر قیادت نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر سپیشل سیکریٹری سکولز احمد علی کمبوہ کے علاوہ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان ڈپٹی ایم ڈی سلمان انور ملک ، پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قمر الاسلام نے اجلاس کو بتایا کہ "پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب"کی کامیابی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس فاؤنڈیشن کے مفت تعلیم کے منصوبوں کی بدولت بے وسیلہ بچوں کی تعلیم تک رسائی ممکن ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم تک رسائی کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی ہمارا اہم مقصد ہے ۔ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات سے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے بچوں میں تعلیم کی لگن بیدار کی ہے ، والدین کو حوصلہ دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلا کر انکا مستقبل بہتر بنائیں اور نجی شعبہ کو درکار سپورٹ کے ذریعے کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دیا ہے۔

اس طرح گرلز ایجوکیشن کو بھی خصوصی فروغ ملا ہے۔ ہماری بچیاں پڑھ لکھ کر اپنی تقدیر بدل رہی ہیں، یہ تعلیم یافتہ اور خوشحال پاکستان کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ سپیشل سیکریٹری احمد علی کمبوہ نے محکمہ تعلیم کے زیر انتظام سکولوں میں سکول کونسلز کے ذریعے سرکاری سکولوں کی بہتری کے ایجنڈے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔قبل ازیں ورلڈ بینک کی کنسلٹنٹ وردہ ملک نے سکول ایجوکیشن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :