ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور نے درسی کتب کی اشاعت کیلئے اوپن ٹینڈر سسٹم کے ذریعے درسی کتب کی اشاعت کا فیصلہ

منگل 11 اگست 2015 19:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 اگست۔2015ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی سے فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن کے صدر اقتدار علی اخونزاد ہ کی سربراہی میں محمد اختر ٗ این ایچ کاظمی ٗ وحید عارف اعوان ٗ انعام الحق اور پرنٹرز اینڈ پبلشرز کے شعبے سے وابستہ افراد پر مشتمل وفد نے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کی ۔

فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز کے وفد نے خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدرانجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدرحاجی اقبال خان آفریدی کو بتایا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور نے درسی کتب کی اشاعت کیلئے اوپن ٹینڈر سسٹم کے ذریعے درسی کتب کی اشاعت کا فیصلہ کیا ہے جس سے 85 سے زائد انڈسٹریل پرنٹنگ یونٹس سمیت ہزاروں کی تعداد میں پرنٹنگ کے شعبے سے وابستہ کاروباری ادارے اور 10 ہزار سے زائد سکلڈ لیبر بے روزگار ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

وفد نے انہیں بتایا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور کے اس اقدام سے جہاں کرپشن بڑھے گی وہاں مقامی پرنٹنگ کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا پہلے ہی سمندر سے دوری اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث متاثر ہے اور اب ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور کے اس اقدام سے درسی کتب نہ صرف مہنگی ہوجائیں گی بلکہ مارکیٹ میں ان کی بروقت دستیابی بھی ممکن نہیں ہوسکے گی۔

انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبرسے اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھانے کی درخواست کی ۔ خیبر پختونخوا چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر مقصود انور پرویز اور نائب صدر حاجی اقبال خان آفریدی پرنٹرز اور پبلشرز کے وفد کے مسائل اور ان کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اوپن ٹینڈر سسٹم کے ذریعے درسی کتب کی اشاعت کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور کی جانب سے درسی کتب کی اشاعت کے لئے اوپن ٹینڈر سسٹم کے نفاذ کو دہشت گردی اور امن و امان کی ابتر صورتحال سے متاثرہ بزنس کمیونٹی کے لئے مزید پریشانی کا باعث قرار دیا اور کہا کہ ٹیکسٹ بک بورڈ پشاور نت نئے تجربات کرکے صوبے کی پرنٹنگ کی صنعت کو مزید مشکلات میں نہ دھکیلے۔ وفد نے ان کی گذارشات ہمدردانہ طور پر سننے اور ان کے مسائل اعلیٰ سطح پر اٹھانے کی یقین دہانی پرچیمبر کے صدور کاشکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :