میتھیوز کی سنچری رائیگاں، ٹیسٹ اور سیریز بھارت کے نام

بھارت کا میزبان ٹیم کو فتح کیلئے386 رنز کا ہدف ، سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 268 رنز ہی بنا سکی بھارت 11 سال بعد سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب

منگل 1 ستمبر 2015 18:22

میتھیوز کی سنچری رائیگاں، ٹیسٹ اور سیریز بھارت کے نام

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم ستمبر۔2015ء) کولمبو میں بھارت نے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں میزبان سری لنکا کو 117 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔ اس میچ میں بھارت نے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 386 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 268 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کی شاندار سنچری بھی سری لنکن ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

بھارت 11 سال بعد سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بھارتی بلے باز چیتسور پجارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ روی چندرن ایشونت کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کولمبو کے سنہیلز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں منگل کو کھیل کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا کی سات وکٹیں گریں۔

(جاری ہے)

ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد میتھیوز نے کشال پریرا کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور چھٹی وکٹ کے لیے 135 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ نصف سنچری بنانے والے پریرا کی وکٹ گرنے پر ہوا جو 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ایشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے جانے کے بعد جلد ہی میتھیوز بھی 110 رنز بنا کر ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا کا لوئر آرڈر بھی زیادہ دیر جم نہ سکا اور پوری ٹیم اننگز کے 85ویں اوور میں پویلین لوٹ گئی۔ دوسری اننگز میں بھارت کے لیے روی چندرن ایشون چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ ان کے علاوہ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے ایشانت شرما نے تین، امیش یادو نے دو جبکہ امت مشرا نے ایک سری لنکن بلے باز کو آؤٹ کیا۔ کولمبو ٹیسٹ میں بھارت نے پہلی اننگز میں چیتیشور پجارا کی عمدہ سنچری کی بدولت 312 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 201 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح بھارت کو پہلی اننگز میں 111 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

اس فتح کے نتیجے میں بھارت نے ٹیسٹ سیریز بھی ایک کے مقابلے میں دو میچوں سے جیت لی ہے۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے بھارتی بلے باز چیتسور پجارا کو میچ کا بہترین کھلاڑی جب کہ روی چندرن ایشونت کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں رنگانا ہیراتھ کی شاندار بولنگ کی بدولت سری لنکا نے بھارت کو 63 رنز سے ہرایا تھا۔ اس کے بعد بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں 278 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔

متعلقہ عنوان :