علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے داخلہ پراسس کے تازہ مراحل سے آگاہی کی آن لائن سہولت متعارف کرادی

اتوار 6 ستمبر 2015 16:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں موجود اپنے طلبہ اور داخلوں کے نئے امیدواروں کو اپنے داخلہ فارم کے تازہ ترین مراحل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے ایک مربوط اور منظم آن لائن نظام متعارف کردیا ہے۔ اب ملک کے کسی بھی حصے سے یونیورسٹی کے کسی بھی پروگرام میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے داخلہ فارم ارسال کرنے والے امیدوار اپنے جمع کرائے گئے داخلہ فارم کے تازہ ترین مراحل سے گھر بیٹھے آگاہی حاصل کرسکیں گے"یہ اعلان شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر ٗ سید ضیاء الحسنین نقوی نے نئے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفننگ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کے زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطی اجلاس کو دی ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ داخلوں کے نئے امیدوار وں کو ان کے داخلہ فارمز کے موصول ہونے اور ان پر عمل درآمد کی اطلاع بذریعہ ای میل بھی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

داخلوں کے امیدوار اپنے داخلوں کی پراسس کے بارے میں تازہ ترین معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkسے بھی حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی ہدایت پر شعبہ داخلہ سنجیدہ کوشش کررہا ہے کہ داخلوں کے سارے عمل کو جلد از جلد آن لائن کیا جائے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ طلبہ کو نتائج ٗ ٹیوٹرز ایڈریس اور رول نمبر سلپس بھی بذریعہ ای میل ارسال کی جائیں گی۔ وائس چانسلرٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ملک کے کونے کونے میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ و طالبات کی سہولتوں میں اضافے کی مسلسل کوشش پر شعبہ داخلہ کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ نئے اقدامات یونیورسٹی کی مجموعی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :