صحافیوں ،میڈیا ورکرز پر ہو نیوالے حملوں پر وفاقی، سندھ اور خیبر پختونخوا حکومتوں کی خاموشی ،عدم توجہی قابل مذمت ہے، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس

حکومتوں نے موثر اقدامات نہ اٹھائے تو مجبوراً چیف جسٹس آف پاکستان ،آرمی چیف سمیت دیگر شخصیات سے صحافیوں و میڈیا ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کرسکتے ہیں، قائدین کا خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ ملک میں صحافیوں و میڈیا ورکرز پر ہو نے والے حالیہ حملوں پر وفاقی، سندھ اور خیبر پختونخوا حکومتوں کی خاموشی اور عدم توجہی کے باعث پاکستان بھر کے صحافیوں میں غم و غصے اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اگر اس ضمن میں حکومتوں نے موثر اقدامات نہ اٹھائے تو پھر ہم مجبوراً چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سمیت دیگر شخصیات سے صحافیوں و میڈیا ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب کے باہر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں مذکورہ صحافتی تنظیموں کے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ مظاہرہ کراچی میں ارشد جعفری،آفتاب عالم ،راولپنڈی میں رپورٹر عمیر عباسی کی ٹارگٹ کلنگ ، پشاور میں عبد العظم اور کراچی میں انیس چوہان کو قاتلانہ حملوں میں زخمی کرنے کے واقعات کے خلاف کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی نے کہا کہ اب ہم پریس کلبوں کے باہر مظاہرے کر کر کے تنگ آچکے ہیں لگتا ہے کہ اب ہمیں اپنی پالیسی تبدیل کر کے سڑکوں پر دھرنے دینا پڑیں گے تب ہی حکمرانوں کی توجہ اس جانب مبذول ہو سکے گی۔ ہم پی ایف یو جے کے قائدین کے حتمی فیصلے کے منتظر ہیں جیسے ہی حکم ملے گا اسلام آباد کی سڑکوں کو بلاک کر دیں گے ۔

آر آئی یو جے کے جنرل سیکرٹری بلال ڈار نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان میں صحافیوں و میڈیا ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے مگر حیر ت ہے کہ ہماری وفاقی و صوبائی حکومتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں اگر حکومت نے اس ضمن میں راست اقدامات نہ اٹھائے تو اب ہم چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سمیت دیگر اہم شخصیات سے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کر سکتے ہیں ۔

نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری وقار ستی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پر عملدآمد اور کراچی میں امن و امان قائم کرنے کے دعویدار بتائیں کہ ہمارے ساتھیوں کو کون مار رہا ہے اور انہیں گرفتار کیوں نہیں کیا جا رہا ہے ۔ ہر روز ہمارے ساتھیوں کو مارا جا رہا ہے مگر قاتلوں کو پکڑنے والا کوئی نہیں ہے ۔ آر آئی یو جے کے ممبر گورننگ باڈی عابدعباسی نے کہا کہ ہمیں اچھی طرح سے علم ہے کہ یہ کون سا خفیہ ہاتھ ہے جو آئے روز صحافیوں پر حملہ آور ہوتا ہے اور اسے پکڑنے والا کوئی نہیں ۔آر آئی یو جے کے ممبر گورننگ باڈی ناصر ہاشمی نے کہا کہ 114صحافیوں و میڈیا ورکرز میں سے اب تک محض تین واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری سابق و موجودہ حکومتوں کی ناکامی و عدم توجہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔