علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے 7 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو درسی کتابوں اورمعاون تدریسی مواد کی ترسیل کا آغاز کردیا

جمعرات 17 ستمبر 2015 17:28

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر خزاں 2015ء میں پیش کئے گئے میٹرک تا پوسٹ گریجویٹ پروگرامز میں داخلوں کیلئے 7 لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کو درسی کتابوں اورمعاون تدریسی مواد کی ترسیل کا آغاز کردیا ۔تقریباً 30 لاکھ درسی کتب اور معاون تدریسی مواد ملک بھر میں موجود نئے داخل طلبہ و طالبات کو 2 ماہ کی مختصر مدت میں ارسال کیا جائیگا ۔

پہلے مرحلے میں سی ٹی پروگرام میں داخل طلباء و طالبات کو کتابیں اورمعاون تدریسی مواد ارسال کئے جارے ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے شعبہ ترسیل کتب میں کام کرنے والے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ پوری محنت ایمانداری اور توجہ سے ترسیل کتب کے عمل کو کم از کم وقت میں مکمل کریں تاکہ طلبہ کو کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے پرنٹنگ پریس کے دورے کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی نے"کتابوں کی ترسیل کے مراحل کی معلومات کے لئے ایک جدید اور مضبوط "کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام" شروع کردیا ہے۔

اس سلسلے میں یونیورسٹی نے ایک نئی ویب سائٹ mailing.aiou.edu.pk بھی متعارف کردی ہے۔داخلوں کے امیدوار اس نئی ویب سائٹ کے ذریعہ آسانی سے میل بکس میں اپنا رول نمبر یا داخلہ فیس کا چالان نمبر درج کرکے درسی کتابوں کے ترسیلی مراحل کے بارے میں تفصیلات معلوم کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ ٹریکنگ نظام کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی نے کتابوں کی ترسیل کے بعد ہر طالب علم کے فون نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس کتابوں کی ترسیل کی اطلاع دینے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔

اس طرح ہر طالب علم کو ان کو انہیں ارسال کی گئی کتابوں کی ترسیل کی تاریخ اور وقت کی اطلاع دی جائے گی۔موجودہ طریقہ کار کے مطابق تمام طلبہ کو کتابیں ڈاک کے ذریعے ارسال کی جاتی ہیں۔درسی کتابوں کی ترسیل میں تاخیر کی صورت میں طلبہ کو نزدیک ترین ڈاکخانے سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :