لاہورہائیکورٹ نے سردار ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف دائر تین درخواستوں میں نوٹسز جاری کردئیے ، دونوں امیدواروں سے کل جواب طلب

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:02

لاہورہائیکورٹ نے سردار ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی ..

لاہور ۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف دائر تین درخواستوں میں نوٹسز جاری کرتے ہوئے دونوں امیدواروں سے کل جمعہ کو جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ اور جسٹس سیدمسعود عابد نقوی پر مشتمل دو رکنی ایپلیٹ الیکشن ٹربیونل نے عوامی تحریک کی طرف سے لاہور سے قومی اسمبلی این اے حلقہ 122 سے امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی دو اور حافظ طلحہ ایڈووکیٹ کی ایک درخواست پر سماعت کی، درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹربیونل نے سردارایاز صادق پر تیئس لاکھ ستاسی ہزار سات سو اٹھاون روپے جرمانہ عائد کیا مگر انہوں نے جرمانہ ادا نہیں کیا اور نہ ہی اس کیخلاف سپریم کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا ہے، درخواستوں میں تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان کے حوالے سے موقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف کے امیدوار آئین کے آرٹیکل62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے مگر اس کے باوجود ریٹرننگ افسر نے سردار ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں جو آئین کی خلاف ورزی ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں، ابتدائی سماعت کے بعد ایپلیٹ الیکشن ٹربیونل نے اس سلسلے میں سردار ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کل جمعہ تک جواب طلب کر لیا۔