عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورت حال میں مزید بہتری لانے کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری۔ محمد وقاص نذیر

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:14

گوجرانوالہ ۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورت حال میں مزید بہتری لانے کے لئے فول پروف سیکیورٹی پلان جاری۔پر ہجوم مقامات، مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، پارکوں، کمرشل سینٹرز، کاروباری پوائنٹس، اہم شاہراہوں، مساجد،امام بارگاہیں اور عید گاہوں پر 4800سے زائد پولیس افسران اور جوان الرٹ رہتے ہوئے فرائض سر انجام دیں گے۔

قومی رضا کار اور مختلف سماجی کمیٹیوں کے ارکان بھی جذبہ حب الوطنی کے تحت پولیس کے معاون ہوں گے۔ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی 20ریزرو ہائے پولیس لائنز میں موجود ہوں گی جب کہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی ڈویژن کی زیر نگرانی بھی ایک ایک ریزرو سٹینڈ بائی رہے گی۔الیٹ کے مسلح کمانڈوز شہر بھر میں گشت کریں گے ۔

(جاری ہے)

کسی کو قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے گزشتہ روز اپنے آفس میں پولیس افسران اور معززین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء ، ایس پی صدر ڈاکٹر محمد رضوان احمد، ایس پی سٹی طاہر مقصود چھینہ، ایس پی سول لائنز محمد ندیم کھوکھر بھی موجود تھے ،سی پی او نے کہا کہ عوامی نمائندوں سے رابطہ کر کے ضلعی امن کمیٹیوں اور عوامی کمیٹیوں کو تھانہ کی سطح پر فعال بنایا جائے تا کہ امن اور مذہبی ہم آہنگی کی فضابرقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔

سپیشل برانچ اور سو ل ڈیفنس کے عملہ کی مدد سے تمام حساس مساجد اور عید گاہوں کی سرچ اینڈ سویپنگ کروائی جائے اور مناسب چیکنگ اور سکریننگ کے بعد نمازیوں کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے ۔تمام گاڑیاں نماز عید کے اجتماع سے کم از کم 200میٹر کے فاصلے پر پارک کی جائیں۔ اسلحہ کی نمائش اور لاوٴڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی ہے، سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ۔

حساس اور اہم مقامات پر یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں کی ڈیوٹی کے سا تھ ساتھ سفید پارچات میں ملبوس جوانوں کی بھی ڈیوٹی لگائی جائے گی جومشتبہ افراد ، اشیاء، گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ،مشکوک پارسل، بیگ یا پیکٹ پر کڑی نظر رکھیں گے۔ہوٹل انتظامیہ اور گیسٹ ہاوٴس کے مالکان کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ غیر متعلقہ اور مشکوک افراد کو رہائشی سہولت فراہم نہ کریں۔

بس ڈرائیورز مسافروں کو سوار کرتے وقت تلاشی ضرور لیں ۔ خفیہ ایجنسیوں کے اہلکاروں کے ساتھ انفرمیشن شےئر کریں ۔ مویشی مالکان کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔مویشی منڈیوں میں بروقت ڈیوٹی بجھوائی جائے اور نو سرباز، ٹھگ اور فراڈئیے اشخاص کی کڑی نگرانی کی جائے۔سٹی پولیس آفیسر محمد وقاص نذیر نے مزید کہا کہ ٹریفک کی ر وانی کو برقرار رکھنے کے لئے چیف ٹریفک آفیسر کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں سبز نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اور مشکوک ایمبولینسز کی خصوصی چیکنگ ہو گی۔

گاڑیوں کے سیاہ شیشے ا تروار دئیے جائیں گے، نیلی ریوالونگ لائیٹ کا غیر قانونی استعمال نہیں ہو گا۔غیر نمونہ اور بلا نمبری موٹر سائیکل کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے گا۔ مزید براں لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے با خبر رہنے کے لئے سی پی او آفس میں مرکزی کنٹرول روم فون نمبر (055-9200638-9)قائم کیا گیا ہے شہری کسی بھی ناگہانی صورت حال یا معلومات کے سلسلے میں مذکورہ نمبرز پرکسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :