عوام کو مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردنی بیچنے والے انسانیت کے دشمن ہیں ۔کمشنر

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:15

گوجرانوالہ۔17 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو حکم دیا ہے کہ وہ ہوٹلوں اور ریسٹورانوں کے مالکان کو اس امر کا پابند کریں کہ وہ اپنے ہوٹلوں اور ریسٹورانوں میں ایک ہفتہ کے اندر اندر کچن اور کھانے کے ہال و کمروں کے درمیان سے پختہ دیواریں ہٹا کر وہاں نظر آنے والے شیشہ لگوائیں اور جہاں ایساممکن نہ ہو وہاں کچن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے کھانے والے ہال میں بڑے سائز کی سکرینیں لگوائیں تاکہ گاہک کچن کے اندر کئے گئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کئے گئے انتظامات کا بذات خود جائزہ لے سکیں،انہو ں نے کہا کہ عوام کو مضر صحت اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردنی بیچنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اس لئے ان کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کر کے انہیں دوسروں کے لئے نشان عبرت بنایا جائے انہوں نے یہ احکامات ڈویژن بھر کے ڈی سی اوز کو ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے جاری کئے۔

(جاری ہے)

ڈی سی او گوجرانوالہ محمد عامر جان‘ ڈی سی او منڈی بہاؤالدین مظفر خان‘ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن گوجرانوالہ رانا عبدالشکور‘ اے ڈی سی رفاقت علی نسوانہ کمشنر آفس میں ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل‘ ڈی سی او نارووال سید نجف اقبال‘ ڈی سی او حافظ آباد حافظ محمد عثمان‘ قائم مقام ڈی سی او گجرات ویڈیو لنک کانفرنس میں شریک تھے ،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے ڈی سی اوزکو کہا کہ اشیائے خوردنی میں ملاوٹ کرنے والوں اور مضر صحت دودھ اور گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف موثر کاروائی کرتے ہوئے انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں بھاری جرمانے بھی کئے جائیں تاکہ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے کمشنر نے ضلع گجرات میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خالص دودھ اور معیاری گوشت کی فروخت کے لئے بنائی جانے والی ماڈل شاپس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دیگر اضلاع کی انتظامیہ بھی اس کی تقلید کرے اور اپنے اپنے اضلاع میں فوری طور پرخالص دودھ اورمعیاری گوشت کی ماڈل شاپس کا قیام عمل میں لائے تاکہ عوام کو معیاری دودھ اور گوشت کی فراہمی ممکن ہوسکے کمشنر نے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو حکم دیا کہ وہ بھی اپنے اپنے ضلع میں محکمہ صحت‘ خوراک اور محکمہ بلدیات کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیموں کی کارکردگی کو فعال بنائیں اور چھاپہ مار ٹیمیں فود کنٹرول آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مرتکب افرادکے خلاف کاروائی کرکے انہیں قرار واقعی سزائیں دیں اور ان کی رپورٹیں انہیں روزانہ کی بنیاد پر ارسال کی جائیں،کمشنر نے انسداد ملاوٹ مہم کو اور زیادہ تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں اور صحت کے ساتھ کھیلنے والے درندے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں اس لئے اس مہم کو مشنری جذبے کے تحت چلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہوٹلو ں اور شادی ہالوں میں کھانے کا نظام شفاف بنایا جائے خصوصاً کچن اور برتنوں کی صفائی کوچیک کیا جائے کمشنر نے کہا کہ فوڈ کنٹرول اتھارٹی میں اچھی شہرت کے حامل دیانتدار افسران اور اہلکاروں کو ہی تعینات کیا جائے جو کہ قومی جذبے سے سرشار ہو کر انسداد ملاوٹ مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں کی جانے والی کاروائی کی مناسب تشہیر بھی کی جائے تاکہ لوگوں کو فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہی حاصل ہوسکے۔