بڈھ بیر میں پاکستان ایئر فورس کے کیمپ پر حملہ ،سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک

جمعہ 18 ستمبر 2015 11:19

بڈھ بیر میں پاکستان ایئر فورس کے کیمپ پر حملہ ،سیکیورٹی فورسز کی جوابی ..

پشاور۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز نے جمعہ کی صبح پاکستان ایئر فورس کے کیمپ پر حملہ کرنے والے 8 دہشتگردوں کو فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کر دیا ۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق حملے میں 10سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جن میں 2 افسران بھی شامل ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف فوری طور پر پشاور روانہ ہوگئے ہیں جہاں انہیں پی اے ایف کیمپ اور قریبی علاقوں کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے جاری آپریشن بارے بریفننگ دی جائیگی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 10تک تھی۔ کوئیک ریسپانس فورس نے حملہ آوروں کے مدد گاروں کی تلاش کیلئے بیس کے آس پاس علاقوں میں فوری سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔

(جاری ہے)

1122ذرائع کے مطابق حملے میں مزید 19افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے ذرائع ابلاغ کے نام ای میل میں بیس پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ٹی ٹی پی کی فدائی فورس نے کیا۔ حملے کے فوری بعد کوئیک ریسپانس فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیا جو تا حال جاری ہے ۔

کور کمانڈر پشاور ہدایت الرحمان بھی موقع پر موجود ہیں ۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح کیمپ کے گارڈ روم کو نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کو گارڈ روم کے آس پاس ہی روک لیاگیا ہے اور انکا محاصرہ کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے اس کیمپ میں کوئی تزویراتی اثاثے موجود نہیں۔ پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :