پیر سائیں پگاڑا بادشاہ آدمی ہیں، سائیں کی پشین گوئیاں ہم روک نہیں سکتے ، نثار احمد کھوڑو

منگل 29 ستمبر 2015 22:06

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء) اطلاعات و تعلیم کے سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے لاڑکانہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیر سائیں ا پگاڑا کے لیے کہا جاتا ہے کہ وہ بادشاہ آدمی ہیں، سائیں پیشن گوئیاں کرتے ہیں جسے ہم روک نہیں سکتے ہمیں سندھ اور ملک کی موجودہ صورتحال کے مطابق چلنا ہے۔ پیر سائیں پگاڑا نے مگرمچھ کی گرفتاریوں کے متعلق بات کہی ہے لیکن وہ نام بھی اگر بتاتے جن ناموں کو جانوروں سے منسوب کرنا اچھی بات نہیں اگر گرفتاریاں ہوتی ہیں تو عدالتیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بلدیاتی انتخابات کا ماحول ہے سندھ ہائی کورٹ نے ساری حلقہ بندیاں نہیں بلکہ وہ حلقہ بندیاں رد کردی ہیں جہاں پر اعتراضات دائر کیے گئے تھے ان حلقوں کو بہتر کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے کاؤنسلرز کی ہزاروں سیٹیں موجود ہیں جن پر ایم پی ایز کے بچوں نے بھی نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں وہ بھی پیپلز پارٹی کے ورکر ہیں پیپلز پارٹی فرد کی آزادی کی بات کرتی ہے ہم نے ورکروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں میدان میں لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی احتساب کمیشن بنانہ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کا حق اور ضرورت ہے جس کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اور وہ سندھ اسمبلی کے آنے والے اجلاس میں بل کے طور پر پیش کیا جائے گا جس پر اسمبلی میں کھلی بحث ہوگی۔ صوبائی احتساب کمیشن میں کہیں جج اور کہیں رٹائرڈ بیورو کریٹس سربراہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وفاقی ادارے نیب پر تنقید کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کو اختیارات امن امان قائم کرنے کے لیے دیئے ہیں اداروں کو اپنی حدود سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے جو کہ مناسب عمل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رینجرز کو پولیس کی مدد میں دینے کے باعث بوری بند لاشیں ملنا بند ہوئے ہیں۔ روزانہ 20، 20 ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نہیں ہورہے اور لوگوں میں تحفظ کا احساس پیدا ہوگیا ہے جس کے باعث معیشت بھی بڑہ رہی ہے۔