تربت،وائس چانسلر کی صدارت میں یونیورسٹی کا اہم اجلاس، ایم اے اور بی اے پرائیوٹ امتحانات کی تیاریوں کا جائزہ

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:55

تربت(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)تربت یونیوسٹی کا اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہونے والے ایم اے اور بی اے پرائیوٹ امتحانات کی تیاریوں اور مکران کی ڈگری کالجوں کا تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے معاملات میں ہونے والی پیشرفت سمیت تربت یونیورسٹی میں مختلف مضامین میں بی ایس چار سالہ پروگرام اور ایم اے ایم ایس سی دو سالہ پروگرام میں جاری داخلہ مہم کے علاوہ دیگر امور کے بارے میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر تربت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدا لصبور بلوچ نے بی ایس پروگرام داخلہ مہم میں ہونے والی پیشرفت اور ایم اے اور بی اے پرائیوٹ امتحانات کے بارے میں تجاویز اور سفارشات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا مکران جیسے دور و افتادہ علاقے میں نئے تقاضوں سے ہم آہنگ معیاری اور اعلیٰ تعلیم کا فروغ اور نقل سے پاک امتحانات کا انعقاد تربت یونیورسٹی کی پہچان ہے۔

تیز رفتار ترقی اور مقابلے کے اس دور میں ہمیں اپنی نوجوان نسل کو جدید اعلیٰ تعلیمی صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہو گا۔ اس سلسلے میں تربت یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتظامیہ اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر نے تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کے معاملات میں ہونے والی پیشرفت، مختلف مضامین میں ایم اے اور بی اے پرائیوٹ امتحانات کے انعقاد کی تیاریوں اور انتظامات سمیت مختلف بی ایس پروگرام میں داخلہ مہم کی سرگرمیوں کے بارے میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحاق کمیٹی کے ممبرا ن تربت یونیورسیٹی کے ساتھ الحاق کے مرحلے سے گزرنے والے تمام کالجوں اورتعلیمی اداروں کا دورہ کرکے سہولتوں اور انتظامات کا جائزہ لیں۔

آئند اجلاس میں دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کے علاوہ تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد حیات ، کنٹرولر امتحانات تنویر احمد، ڈائریکٹرپبلک ریلشنز اعجاز احمد بلوچ اور پرنسپل اسٹاف آفیسر ٹو وائس چانسلر چاکر حیدر نے بھی شرکت کی۔