انگلینڈ کے میچ ریفری کو بلال آصف کی پرفارمنس ایک آنکھ نہ بھائی ، باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیدیا

منگل 6 اکتوبر 2015 13:37

ہرارے (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء ) انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی) نے زمبابوے کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ کے بہترین کھلاڑی سپن باؤلر بلال آصف کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا۔سعید اجمل، محمد حفیظ اور اب بلال آصف 14 ماہ کے اندر پاکستان کے تیسرے آف سپنر کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے خلاف تیسرے ایک روزہ میں بلال آصف نے عمدہ آل راونڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنی آف سپن باؤلنگ سے پانچ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے اختتام پر میچ آفیشلز نے بلال آصف کے باولنگ ایکشن کو میچ ریفری انگلینڈ کے جیو کس کو رپورٹ کیا جس کے بعد باؤلنگ ایکشن کی ویڈیو دیکھنے کے بعد بلال آصف کے باؤلنگ ایکشن کو مشکوک قرار دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

بلال آصف کے باولنگ ایکشن کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جلد باضابطہ طور پر تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔

پاکستان کے آف اسپنر آصف بلال نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں بہترین بالنگ پرفارمنس دیتے ہوئے 25رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، بلال آصف دنیا کے پہلے اسپنر ہیں جنہوں نے اپنے دوسرے ہی ون ڈے انٹر نیشنل میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا منفرد کارنامہ انجام دیا۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ بلال آصف اب تک انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں ، ڈومیسٹک سیزن میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ، قومی ٹیم میں شمولیت سے قبل بلال آصف کا باؤلنگ ایکشن چیک کیا گیا تھا جو بالکل ٹھیک تھا۔

پی سی بی کے مطابق بلال آصف باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ میں کامیاب ہوں گے ، پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ واضح رہے کہ سعید اجمل حال ہی میں باؤلنگ ایکشن کلیئر کروا کر آئے ہیں جبکہ محمد حفیظ تاحال پابندی کا شکار ہیں۔