Live Updates

2 ماہ میں 2 چھوٹے بہن بھائی اللّٰہ کو پیارے ہوئے، بڑا مشکل وقت گزارا: محمد عباس

مجھے زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئے تھے ، بعض اوقات منفی باتیں بھی آتی ہیں لیکن میں ان پر قابو پاتا ہوں اور بہترین سے بہترین پرفارمنس کی کوشش کرتا ہوں : فاسٹ باولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 جون 2025 16:49

2 ماہ میں 2 چھوٹے بہن بھائی اللّٰہ کو پیارے ہوئے، بڑا مشکل وقت گزارا: ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2025ء ) پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ سے آفرز تھیں بات چیت جاری تھی اس دوران دو ماہ میں 2 چھوٹے بہن بھائی اللّٰہ کو پیارے ہوئے، بڑا مشکل وقت گزارا، اب سارا فوکس کرکٹ پر ہے۔ 
محمد عباس نے کاؤنٹی کرکٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ میرے اعداد وشمار دیکھے بغیر میرے بارے میں رائے قائم کر لی جاتی ہے، کہا جاتا ہے کہ انگلینڈ میں پرفارمنس ہوتی ہے ، میں انہیں کہتا ہوں کہ قائد اعظم ٹرافی تو پاکستان میں ہی ہوتی ہے وہ دیکھ لیں ، 2014ء سے قائد اعظم ٹرافی میں میری اوسط 16 ہے جو کہ پاکستان میں بہترین ہے، دنیا میں 600 وکٹیں لینے والے ایکٹو فاسٹ بولرز میں میں اوسط کے لحاظ سے نمبر ون ہوں ،میری 800 فرسٹ کلاس وکٹیں ہونے والی ہیں ، میچ میں 10 وکٹوں کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہوں۔

(جاری ہے)

 
محمد عباس نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئے تھے بعض اوقات منفی باتیں بھی آتی ہیں لیکن میں ان پر قابو پاتا ہوں اور بہترین سے بہترین پرفارمنس کی کوشش کرتا ہوں۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو فرسٹ کلاس کرکٹ کو اہمیت دینی چاہیے جبکہ پاکستان کو ٹیسٹ میچز بھی کم ملتے ہیں ، آئی سی سی سے درخواست ہے کہ پاکستان کو زیادہ ٹیسٹ میچز دے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ 4 سال ہیمپشائر کی نمائندگی کرنے کے بعد ناٹنگھم شائر کے ساتھ پہلا سیزن اچھا جا رہا ہے ، تین میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکا ہوں ، معاہدے میں توسیع کے بعد 7 میچز باقی ہیں۔ 
محمد عباس نے کہا کہ کاؤنٹی کرکٹ سے آفرز تھیں بات چیت جاری رہی تھی اس دوران دو ماہ میں دو چھوٹے بہن بھائی اللہ کو پیارے ہوئے ، بڑا مشکل وقت گزارا ،اب سارا فوکس کرکٹ پر ہے ، کاؤنٹی سیزن کے لیے اچھا ٹارگٹ ہے ۔

 
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دائیں ہاتھ کے پیسر پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ بہترین باولرز میں سے ایک رہے ہیں جنہوں نے 195 میچوں میں 20.58 کی متاثر کن اوسط اور 2.62 کی اکانومی ریٹ سے ریکارڈ 791 وکٹیں حاصل کیں۔ 
ان کے کیریئر کے بہترین اعداد و شمار 46 کے عوض 8 ہیں اور انہوں نے 49 مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 
بین الاقوامی سطح پر وہ 27 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے 2.50 کے اکانومی ریٹ سے 100 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں 5 بار اننگز میں پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات