Live Updates

پاکستان فٹ بال کی ترقی اور فروغ کیلئے حکومتی سپورٹ حوصلہ افزاء ہے، صدر پی ایف ایف محسن گیلانی

پیر 16 جون 2025 16:02

پاکستان فٹ بال کی ترقی اور فروغ کیلئے حکومتی سپورٹ حوصلہ افزاء ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) پی ایف ایف کے نو منتخب صدر محسن گیلانی نے پاکستان فٹ بال کی ترقی اور فروغ کیلئے حکومتی سپورٹ کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے باہمی معاونت کی فضاء میں کام کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر اعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ کی پی ایف ایف کے اعلی عہدیداروں سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان فٹ بال میں اقتدار کیلئے کھینچاتانی اور تیسرے فریق کی مداخلت کے سبب معطلی جیسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے جس سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کیلئے آگے بڑھنے کے مواقع ختم ہوئے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی، بڑی اطمینان بخش بات ہے کہ حکومت، وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور، پاکستان سپورٹس بورڈ اور فٹ بال کے سٹیک ہولڈرز متفق ہیں کہ پاکستان آئندہ اس طرح کے دھچکوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو جمہوری بنیادوں پر استوار کرنے کی کاوشوں میں بھرپور سپورٹ کرنے پر وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے شکر گزار ہیں، پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان میں فٹ بال کا ڈھانچہ مضبوط ہو اور قومی ٹیمیں عالمی منظر نامے پر اپنی موجودگی کا بھرپور احساس دلائیں،پاکستان کے حقیقی ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر چلیں گے۔

یاد رہے کہ اس میٹنگ میں پی ایف ایف کی نمائندگی نومنتخب صدر محسن گیلانی اور قائم مقام سیکرٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان فٹ بال کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا تھا کہ کھیل کی بحالی اور انٹرنیشنل سطح پر کامیابیوں کیلئے سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ نے پی ایف ایف الیکشن 2025 کی کامیابی سے تکمیل پر پی ایف ایف کو سراہتے ہوئے بھرپور سپورٹ کی یقین دہانی کرائی تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات