مسلم لیگ ن نے تمام حکومتی مشینری کی مدد سے الیکشن جیتا ہے: جہانگیر خان ترین

muhammad ali محمد علی پیر 12 اکتوبر 2015 01:35

مسلم لیگ ن نے تمام حکومتی مشینری کی مدد سے الیکشن جیتا ہے: جہانگیر خان ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.11اکتوبر 2015 ء) جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے تمام حکومتی مشینری کی مدد سے الیکشن جیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 122 میں ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری غیر حتمی مکمل نتائج سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماوں کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے تمام حکومتی مشینری کی مدد سے الیکشن جیتا ہے۔

اس کے باوجود تحریک انصاف نے بھرپور مقابلہ کیا اور اس حلقے سے ملحقہ دونوں صوبائی حلقے تحریک انصاف نے جیتی ہیں جس نے ثابت کردیا کہ لاہور ن لیگ کا قلعہ نہیں رہا ہے۔ اسی طرح تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں بھی بھرپور مقابلہ کرے گی۔ اس موقع پر علیم خان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق دعوی کررہے تھے کہ وہ 40 سے 47 ہزار کے مارجن سے جیتیں گے تاہم انہوں نے ایاز صادق کو صرف 3 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل کرنے دی۔

(جاری ہے)

اگر ووٹر لسٹوں میں گھپلے نا ہوتے تو یہ مارجن بھی نہ رہتا۔ تحریک انصاف نے تخت لاہور کے 4 پایوں میں سے 2 پائے نکال لیے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب این اے 122 عمران خان کا ہو گا۔ جبکہ اس موقع چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ بھرپور مقابلہ کرنے پر وہ علیم خان اور شعیب صدیقی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چند ہزار کی شکست ہار نہیں ہوتی۔ آج کی شکست سے ہمارا حوصلہ کم نہیں ہوا بلکہ بڑھا ہے۔ ہمیں تحفظات ہیں تاہم ہم نتائج تسلیم کرتے ہیں۔ہمارا اگلا چیلنج بلدیاتی انتخابات ہیں۔