چلاس، جل تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ،پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور فرار

ہفتہ 21 نومبر 2015 23:03

چلاس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 نومبر۔2015ء) وادی تھک اور نیاٹ کے سنگم میں واقع تھانہ جل پر دہشت گردوں کاحملہ، ڈیوٹی پر موجود عملہ پولیس نے کمال بہادری اورجرات مندی کے ساتھ دہشت گردوں کے ناپا ک عزائم کو ناکام بنادیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شپ تقریباً0330بجے نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ جل پر حملہ کردیا۔

تاہم ڈیوٹی پر تعینات سنتری مکمل الرٹ ہونے اور بھرپورجوابی کاروائی کے باعث دہشت گرداپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوکر پسپا ہوئے،ادھر حملے سے متعلق اطلاع کے موصول ہوتے ہی۔۔۔ دیامر اسٹور رینج عنایت اﷲ فاروق کی قیادت میںSSPدیامردانشور خان بھاری نفری کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچ گئے جہاں ان کی سرکردگی میں علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کا آغازکیا گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران مختلف علاقوں سے8مشتبہ اشخاص کو گرفتار کرکے ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔سرچ آپریشن میں پولیس کے ساتھ دیگر سیکورٹی ادارے بھی شامل رہے،یادرہے تھانہ جل پر دہشت گردانہ حملہ علاقے میں دہشت گردی جاری لہر کا تسلسل ہے،تاہم آئی جی پی گلگت بلتستان کی طرف سے حالیہ صورتحال کے تناظر میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں تھانہ جات کی سیکورٹی کو موثر رکھنے کے باعث تخریب کار عناصر اپنے عزائم میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔

پولیس کی طرف سے دہشت گردی کے منظم حملے کو ناکام بناے پر ڈی آئی جی دیامراستور رینج اور دیگراعلیٰ افسران کی جانب سے ایس ایچ اوتھانہ جل اورعملے کو شاباش دی گئی ہے اور اس عزم کا اظہار کیاگیا ہے کہ قانون شکن عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر علاقے میں پائیدار امن کو ہرقیمت پر یقینی بنایاجائیگا۔اس موقع پر ڈی آئی جی دیامر رینج نے بہادری اورجرات مندی کامظاہرہ کرنے والے سنتری کیلئے نقدانعام اور ترقی کا بھی اعلان بھی کیا،واقعے سے متعلق تھانہ جل میں نامعلوم افراد کے خلاف انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا جائے تفتیش جاری ہے

متعلقہ عنوان :