کیمپس میں چوری کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے، اسلامی جمعیت طلباء دہشت گردوں کی مددگارہے، ترجمان پنجاب یونیورسٹی

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 3 دسمبر 2015 16:22

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔03 دسمبر۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اعداد و شمار کے مطابق موجودہ اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید کے چارج سنبھالنے کے بعد سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کے باعث چوری کی وارداتوں میں واضح کمی ہوئی ہے دوسری جانب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلباء کے کارکنوں کی تعداد بتدریج کم ہونے کے باعث کیمپس میں جرائم کی وارداتوں میں بھی کمی ہوئی ہے ماضی میں اسلامی جمعیت طلباء کے ناظمین اور ارکان کے خلاف قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری، چوری ، شراب نوشی ، منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر ایف آئی آر بھی درج ہو چکی ہیں۔

اپنے بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ ماضی میں دہشت گرد اور خود کش حملوں کا ماسٹر مائنڈ اسلامی جمعیت طلباء کے ناظم کے کمرے سے گرفتار ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں ہونے والے دیگر واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلامی جمعیت طلباء میں ایسے عناصر موجود ہیں جو دہشت گردوں کے مدد گار ہیں اور ملک کی سالمیت اور ساکھ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں تفتیش کرنے پر مزید پنہاں سامنے آ سکتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں بد امنی کے تمام واقعات میں طلباء تنظیم کے کارکن ملوث ہیں موجودہ اقامتی آفیسر اول پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید فعال شخص ہیں جنھوں نے سکیورٹی کے معاملات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ساجد رشید طلباء تنظیم کی غنڈہ گردی کے خلاف سخت موقف رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کو تکلیف ہے۔ سکیورٹی کے معاملات میں رخنہ اندازی کے واقعات میں بھی جمعیت کے کارکن ملوث ہیں۔