آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون ملک میں امن استحکام اور دہشت گردی کیخلاف جہد کی آبیاری کی ہے ، ثناء اﷲ خان زہری

منگل 15 دسمبر 2015 23:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم (ن) بلوچستان کے سربراہ نامزد وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کا خون ملک میں امن استحکام اور دہشت گردی کیخلاف جہد کی آبیاری کی ہے آج پوری قوم دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونے والے ہمارے جگر کے ٹکڑوں نے اپنی معصوم جانوں کی قربانی دیکر دہشت گردی کیخلاف پوری قوم کو یکجا کر دیا ہے اور آج ملک کا ہر باسی آرمی پبلک سکول کے شہداء کو ناصرف خراج عقیدت پیش کررہا ہے بلکہ ان کی قربانی کو مشعل راہ بناکر دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کررہا ہے ہم اپنے ان معصوم شہداء کو ان کی اس عظیم قربانی پر سلام پیش کرتے ہیں اور پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک و بلخصوص بلوچستان میں دہشت گردی ‘ شدت پسندی کے خاتمہ اور امن و استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا انہوں نے سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین نے اپنے پیاروں کی قربانی دیکر قوم پر جو احسان کیا ہے اسے تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔