وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکا امتحانی مراکز کا دورہ

منگل 12 جنوری 2016 16:31

سکھر ۔ 12 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 جنوری۔2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے منگل کو یونیورسٹی سے ملحقہ گورنمنٹ کالج فار وومن خیرپور، گورنمنٹ ممتاز ڈگری کالج خیرپور اور گورنمنٹ عطا حسین شاہ موسوی ڈگری کالج روہڑی کے امتحانی مراکز میں جاری بی اے، بی ایس سی، بی ایس سی (گھریلو معاشیات)، بی کام اور ایم اے کے سالانہ امتحانات 2015ء کا دورہ کیا۔

انہوں نے امتحانات کے سلسلے میں یونیورسٹی اور کالج انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ وہ اپنی قابلیت اور ذہانت سے اپنا اور اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نقل ایک ناسور ہے جس نے قابلیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اس عمل سے طلبہ و طالبات کو دور رہنا چاہئے۔

ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ امیدواروں کو اعلی تعلیم کی فراہمی شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کی ترجیحات میں شامل ہے، اعلی تعلیم سے ترقی کی منازل حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید اسد رضا عابدی، ناظم امتحانات (اینیول) پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی شاہ، عمران علی سومرو و دیگر بھی موجود تھے۔